بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کا کہنا ہے کہ جب وہ 2021 میں جیل میں تھے تو انھوں نے اہلیہ سے طلاق کے بارے میں افواہیں سنیں، جس پر انھیں محسوس ہوا کہ میری زندگی ختم ہونے کو ہے۔
51 سالہ راج کندرا بھارتی نژاد برطانوی تاجر اور جزوقتی اداکار ہیں، اس کے علاوہ وہ بھارتی فلموں میں سرمایہ کاری کے علاوہ پروڈکشن سے بھی منسلک ہیں۔
انھیں2021 کے فحش فلموں کے کیس میں گرفتاری کیا گیا تھا، جہاں جیل میں گزرے 63 دنوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ جب انہیں شلپا شیٹی سے طلاق کی افواہوں کے بارے میں معلوم ہوا تو وہ شدید مایوسی کا شکار ہو گئے اور زندگی ختم ہوتی محسوس ہوئی۔
ایک بھارتی میڈیا ادارے کے ساتھ حالیہ انٹرویو میں انھوں نے ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں گزرے دنوں کے دوران طلاق کی افواہوں سے نمٹنے اور اس مشکل وقت میں اپنی اہلیہ شلپا شیٹی سے ملنے والی حوصلہ افزائی کے بارے میں بھی بات کی اور کہا جیل کے اندرونی حالات انتہائی مشکل تھے، سیکڑوں قیدیوں کو ایسی جگہ رکھا گیا تھا جو تقریباً 50 افراد کے لیے مختص تھی۔
انہوں نے کہا دوران حراست وہ صرف بسکٹ اور پانی پر گزارا کرتے رہے اور ان کا وزن تقریباً 17 سے 18 کلو کم ہوا۔ ایسے میں انہیں شلپا کی جانب سے طلاق کی افواہوں کے بارے میں معلوم ہوا تو حالات مزید مشکل ہو گئے۔ پھر ایک دن میڈیا کے ذریعے خبر ملی کہ یہ محض افواہ تھی۔
واضح رہے کہ راج 2021 میں فحش مواد کے ایک ہائی پروفائل کیس میں اس وقت مشکل میں پڑگئے جب ممبئی پولیس کی کرائم برانچ نے موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے فحش مواد تیار کرنے اور تقسیم کرنے والے ریکٹ کا انکشاف کیا۔
راج کندرا کو 19 جولائی 2021 کو فحش مواد کی تیاری اور تقسیم میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ تاہم 20 ستمبر 2021 کو ممبئی کے ایک مجسٹریٹ نے راج کو ضمانت دے دی۔
جہاں تک کام کا تعلق ہے تو اس وقت بھی راج اپنے دوران حراست کے تجربات کے بارے میں عوامی سطح پر گفتگو کرتے رہے اور انہوں نے اپنے اس تجربے سے متاثر ہو کر فلم یوٹی 69 بھی بنائی۔
وہ حال ہی میں کرن جوہر کی میزبانی میں ہونے والے ریئلٹی شو دی ٹریٹرز میں بھی نظر آئے، جہاں انہیں مقابلے کے ابتدائی مرحلے میں ہی شو سے باہر کر دیا گیا۔