معروف بھارتی گلوکار سونو نگم نے جعلی شناخت کا تنازع ختم ہونے پر ردعمل میں کہا ہے کہ ’ملزم سستے میں چھوٹ گیا‘۔
بمبئی ہائی کورٹ نے سونو نگم اور اُن کے ہم نام ریاست بہار کے وکیل سونو نگم سنگھ کے درمیان سوشل میڈیا پر تنازع کا سبب بننے والا جعلی شناخت کا معاملہ باہمی رضا مندی سے ختم کردیا ہے۔
معاملہ اُس وقت شروع ہوا، جب گلوکار نے 2017ء میں ٹوئٹر چھوڑ دیا، تو وکیل نے سونو نگم کے نام اور تصویر کا استعمال شروع کردیا۔
اس سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے حساس سیاسی اور مذہبی مواد پوسٹ کیا گیا، جس کی وجہ سے گلوکار کو شدید عوامی ردعمل اور دھمکیوں کا سامنا رہا۔
عدالت نے وکیل کو اگرچہ سخت تنبیہ کی ہے لیکن سونو نگم اس فیصلے سے مکمل طور پر مطمئن نہیں ہوئے، انہوں نے کہا کہ میری ساکھ کو شدید نقصان پہنچانے کے باوجود ملزم سستے میں چھوٹ گیا ہے۔
بھارتی گلوکار نے مزید کہا کہ ایسے معاملات میں شناخت کے تحفظ کےلیے مزید سخت قوانین اور قید کی سزا ہونی چاہیے۔