ایران کو رواں سال کے پہلے 4 ماہ تیل کی فروخت سے 7.5 ارب ڈالرز حاصل ہوئے: رپورٹ

تصیر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

ایران نے 2026ء کے پہلے 4 ماہ میں 7.5 ارب ڈالرز تیل کی فروخت کی مد میں حاصل کیے۔

ایرانی نیم سرکاری خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی مرکزی بینک کو رواں سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران تیل کی فروخت سے تقریباً 7.5 ارب ڈالرز کی زرِمبادلہ آمدنی حاصل ہوئی، جس سے مسلسل معاشی دباؤ اور عالمی پابندیوں کے باعث مشکلات سے دوچار حکومتی مالیات کو نمایاں سہارا ملا ہے۔

ایرانی خبر ایجنسی کا وزارتِ تیل کے حوالے سے کہنا ہے کہ یہ آمدنی گزشتہ سال کی اسی مدت میں حاصل ہونے والی رقم کے مقابلے 1.5 گنا زیادہ ہے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ حاصل ہونے والے یہ مالی وسائل حکومت کی زرِمبادلہ کی ضروریات دسمبر کے اواخر تک پورا کرنے کے لیے کافی ہوں گے۔

تیل کی آمدنی میں یہ اضافہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایران زرِمبادلہ حاصل کرنے اور سرکاری اخراجات پورے کرنے کے لیے توانائی کی برآمدات پر بدستور نمایاں انحصار کر رہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زرِمبادلہ کی اس آمد سے تہران کو بیرونی ادائیگیوں کے انتظام اور جاری معاشی پابندیوں سے نمٹنے میں مزید مالی گنجائش حاصل ہو سکتی ہے۔

پابندیوں اور عالمی مالیاتی منڈیوں تک رسائی میں حائل رکاوٹوں کے باوجود ایران کا تیل کا شعبہ حکومت کی آمدنی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔