مہرالنساء اقبال کا سینئر اداکارہ کے ناروا سلوک کا انکشاف

مہرالنساء اقبال—فائل فوٹو

پاکستانی اداکارہ اور ماڈل مہرالنساء اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ کورونا کی وباء کے دوران ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے موقع پر مجھے ایک سینئر اداکارہ کی جانب سے نامناسب رویے اور بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا۔

مہرالنساء اقبال نے بتایا کہ میں کورونا کے دنوں میں ایک ڈرامے کی شوٹنگ میں مصروف تھی، اس دوران میرا معمول انتہائی مصروف تھا اور میں اپنے اہلِ خانہ کو بھی بہت یاد کر رہی تھی۔

اداکارہ کے مطابق ایک روز طبیعت ناساز ہونے پر میں نے پروڈیوسرز سے درخواست کی کہ میرے چیک اپ کے لیے گاڑی کا انتظام کیا جائے، وقفے کے دوران میں چیک اپ کے لیے گئی۔

مہرالنساء اقبال نے بتایا کہ سیٹ پر واپسی کے بعد ایک سینئر اداکارہ نے مجھ سے طبیعت کے بارے میں دریافت کیا تو میں نے جواب میں اپنی طبیعت اور چیک اپ کے بارے میں بتایا۔

اداکارہ کے مطابق سینئر اداکارہ نے یہ سن کر شدید ردِعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ تمہیں کورونا ہے اور تم نے سیٹ پر مجھے گلے بھی لگایا تھا، جس کے باعث ممکن ہے کہ میں بھی کورونا سے متاثر ہو گئی ہوں۔

مہرالنساء اقبال کا کہنا ہے کہ اس رویے سے مجھے بہت دکھ ہوا، خصوصاً اس وقت جب میں پہلے ہی مسلسل کام، تھکن اور گھر والوں سے دوری کے باعث ذہنی دباؤ کا شکار تھی۔

انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں ڈرامے کے پروڈیوسرز نے اس واقعے پر مجھ سے معذرت کی اور سینئر اداکارہ کے رویے پر افسوس کا اظہار کیا۔