بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں 9 سالہ بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کرنے کے الزام میں 25 سالہ پڑوسی کو گرفتار کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مقتول بچی چوتھی جماعت کی طالبہ تھی، طبیعت خراب ہونے کے باعث وہ منگل کو اسکول نہیں گئی، واقعے کے وقت بچی کے والدین روزگار کے سلسلے میں گھر سے باہر تھے۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بچی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بچی کے گھر سے غائب ہونے پر اہلِ خانہ، رشتے داروں اور دیہاتیوں نے تلاش شروع کر دی، بعد ازاں پولیس میں گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کروائی گئی۔
حیران کُن طور پر ملزم بھی تلاش میں اہلِ خانہ اور پولیس کے ساتھ شامل رہا۔
پولیس نے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ شروع کی جس میں ایک مشتبہ شخص سائیکل پر جاتے ہوئے نظر آیا، پوچھ گچھ کے دوران ملزم ساحل کھائرے نے اعتراف کر لیا کہ فوٹیج میں نظر آنے والا شخص وہی ہے اور مزید تفتیش پر اس نے جرم کا اعتراف بھی کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر ندی کے قریب ایک درخت کے نیچے سے بچی کی لاش برآمد کر لی گئی ہے، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا ہے جبکہ فرانزک ٹیم نے جائے وقوع سے شواہد بھی جمع کر لیے ہیں۔