شاہ رخ خان کے گھر منت سے سانپ نکل آئے

—تصاویر بشکریہ بھارتی میڈیا

 بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان کی رہائش گاہ ’منت‘ سے 2 سانپ نکل آئے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق یہ واقعہ ممبئی کے علاقے بینڈ اسٹینڈ میں واقع شاہ رخ خان کی رہائش گاہ میں پیش آیا، جہاں گھر کے لان میں 2 سانپ دیکھے گئے۔

رپورٹ کے مطابق سانپوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد سانپ پکڑنے والے وکی دوبے کو رات 8 بجے طلب کیا گیا۔

 ریسکیو آپریشن کے دوران ایک سانپ سیڑھی کے نیچے سے پکڑ لیا گیا، جبکہ دوسرا پھسل کر گھر کے اندر داخل ہو گیا۔

بعد ازاں دوسرے سانپ کو بھی تلاش کر کے قابو کر لیا گیا، دونوں میں سے ایک سانپ کی شناخت تقریباً 8 فٹ لمبے انڈین ریٹ اسنیک کے طور پر ہوئی ہے، جو زہریلا نہیں ہوتا۔

ریسکیو ٹیم نے سانپ کو رہائشی علاقے سے دور لے جاکر اس کے قدرتی مسکن میں چھوڑ دیا۔

سانپوں کے غیر زہریلے ہونے کی تصدیق کے بعد منت کے سیکیورٹی گارڈز اور عملے نے بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ ممبئی کے بینڈ اسٹینڈ کے علاقے میں واقع شاہ رخ خان کی رہائش گاہ ’منت‘ دنیا بھر میں مشہور ترین سیلیبریٹی رہائش گاہوں میں شمار ہوتی ہے۔