سیب کا سرکہ جسے عام طور پر اے سی وی بھی کہا جاتا ہے، خمیر کے عمل سے تیار ہوتا ہے اور اس میں موجود ایسیٹک ایسڈ اس کے ممکنہ صحت بخش اثرات کا اہم جزو سمجھا جاتا ہے۔
تحقیق کے مطابق کھانے کے ساتھ یا کھانے سے کچھ دیر پہلے سرکہ استعمال کرنے سے کھانے کے بعد خون میں شوگر اور انسولین کے اضافے کو معمولی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔
ایک تحقیق میں سرکے میں موجود ایسیٹک ایسڈ کے اثر کو اس وقت زیادہ نمایاں دیکھا گیا جب سرکہ غذاء کے ساتھ استعمال کیا گیا جبکہ ایک جائزے میں کھانے کے بعد خون میں شوگر اور انسولین کے ردِعمل میں کمی دیکھی گئی۔
وزن کم کرنے میں کتنا مؤثر؟
تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ سرکہ وزن کم کرنے میں معمولی مدد دے سکتا ہے۔
2009ء میں 175 افراد پر ہونے والی 12 ہفتوں پر مشتمل تحقیق میں روزانہ سرکہ استعمال کرنے والے افراد کے وزن، جسمانی وزن کے اشاریے اور جسم میں چربی میں معمولی کمی دیکھی گئی تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ سیب کا سرکہ چربی پگھلانے یا پیٹ کی چربی ختم کرنے کا کوئی فوری حل نہیں، اس کا ممکنہ فائدہ متوازن غذا اور صحت مند طرزِ زندگی کے ساتھ ہی دیکھا جا سکتا ہے۔
سیب کا سرکہ اور آنتوں کی صحت
سیب کے سرکے کے آنتوں اور نظامِ ہاضمہ پر اثرات کے بارے میں ابتدائی تحقیق موجود ہے تاہم زیادہ تر شواہد جانوروں پر ہونے والی تحقیقات سے حاصل ہوئے ہیں۔
انسانوں میں تحقیق ابھی محدود ہے، اس لیے یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ سیب کا سرکہ آنتوں کو ٹھیک یا جرثومی نظام کو بحال کرتا ہے۔
سیب کے سرکے کے استعمال کا بہترین وقت
غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مقصد کھانے کے بعد خون میں شوگر کے اضافے کو کم کرنا ہو تو تحقیق کے مطابق سرکہ کھانے کے ساتھ یا کھانے سے کچھ دیر قبل، خصوصاً کاربوہائیڈریٹ والی غذا کے ساتھ استعمال کرنا زیادہ مناسب ہو سکتا ہے تاہم عام غذائی استعمال کے لیے سیب کے سرکے کا کوئی مخصوص بہترین وقت ثابت نہیں ہوا۔
کتنی مقدار استعمال کریں؟
ابتداء کے لیے 1 چائے کا چمچ سیب کا سرکہ ایک بڑے گلاس پانی میں اچھی طرح ملا کر استعمال کیا جا سکتا ہے، بعض تحقیقات میں اس سے زیادہ مقدار بھی استعمال ہوئی ہے لیکن زیادہ سرکہ استعمال کرنے سے زیادہ فائدہ حاصل ہونا ثابت نہیں۔
احتیاط: سرکہ کبھی بھی براہِ راست نہ پئیں
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سیب کا سرکہ تیزابی ہوتا ہے، اسے بغیر پانی ملائے پینے سے گلے میں جلن ہو سکتی ہے اور مسلسل استعمال دانتوں کی بیرونی حفاظتی تہہ کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
ماہرین کا مشورہ ہے کہ تیزابی مشروب کو دانتوں کے زیادہ دیر تک رابطے میں رکھنے، منہ میں گھمانے یا کلی کرنے سے گریز کیا جائے اور استعمال کے بعد پانی سے منہ دھو لیا جائے، سیب کا سرکہ پینے کے لیے اسٹرا کا استعمال ضروری ہے۔
سیب کے سرکے کو پانی میں ملا کر پینا زیادہ محفوظ طریقہ ہے جبکہ اسے سلاد کی چٹنی، کھانے یا گوشت کے مصالحے میں شامل کرنا بھی بہتر متبادل ہو سکتا ہے۔
نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔