اسرائیل کا شام کے شہر ادلب میں ابو الظہور ملٹری ایئربیس پر حملہ

فائل فوٹو

اسرائیل نے شام کے شہر ادلب میں ابو الظہور ملٹری ایئربیس پرفضائی حملہ کیا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم بنجمامن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل اور شام نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ سیکیورٹی امور میں اسٹیٹس کو قائم رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شام کی جانب سے ترک فوجیوں کو حلب کے قریب ایئر بیس پر تعینات ہونے کی اجازت دینے سے اس اتفاق رائے کی خلاف ورزی کی جانیوالی تھی۔

نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل بارہا شام کو خبردار کرتا رہا تھا کہ ایسی تعیناتی اسرائیل کی سیکیورٹی کے لیے خطرہ ہے مگر شام نظرانداز کرتا رہا۔ 

دوسری جانب شام کی حکومت نے اسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے اور اسے ملکی خود مختاری کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس حملے سے علاقائی سیکیورٹی اور استحکام کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

عراق وشام کے لیے امریکی مندوب ٹام براک نے اسرائیلی حملے کو غیرضروری اشتعال انگیزی قرار دیا ہے۔