پھوکٹ فلائٹ واقعے کے بعد ایئر انڈیا کے 2 مزید پائلٹس ابتدائی منشیات ٹیسٹ میں ناکام

—فائل فوٹو 

پھوکٹ سے دہلی جانے والی پرواز کے واقعے کے بعد ایئر انڈیا کے مزید 2 پائلٹس ابتدائی منشیات ٹیسٹ میں کامیاب نہیں ہو سکے، پائلٹس کے حتمی ٹیسٹ کے نتائج کا انتظار ہے جبکہ دونوں پائلٹس کو فی الحال پروازوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایئر انڈیا نے واقعے کے بعد تمام پائلٹس کے منشیات ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا تھا، اب تک 300 سے زائد پائلٹس کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جبکہ حتمی نتائج عموماً 24 سے 48 گھنٹے میں موصول ہوتے ہیں۔

پھوکٹ سے دہلی جانے والی پرواز کے کپتان کے لینڈنگ کے بعد کیے گئے منشیات سے متعلق 2 ٹیسٹ کلیئر نہیں آئے تھے، پائلٹ کے جسم میں چرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پرواز میں موجود ایک فضائی میزبان کی جانب سے بھی شکایت کیے جانے کی اطلاعات ہیں کہ پائلٹ نے فلائٹ سے قبل چرس استعمال کی تھی۔

واضح رہے کہ ایئر انڈیا کا ایئر بس اے 320 نیو طیارہ اچانک پرواز کے دوران اپنا توازن کھو بیٹھا تھا اور تقریباً 300 فٹ نیچے گر گیا تھا۔

ابتدائی طور پر واقعے کو ہچکولے قرار دیا گیا تھا تاہم طیارے کے نظام کی تفصیلی معلومات سامنے آنے کے بعد خرابی کی نوعیت اور پائلٹ کی لاپروائی واضح ہوئی تھی۔