بی جے پی کا آئی ٹی سیل سوناکشی کیخلاف ٹرولنگ کرتا ہے، شتروگھن سنہا

فوٹو: فائل

بالی ووڈ کے سینئر اداکار شتروگھن سنہا نے بی جے پی کے آئی ٹی سیل پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ انکی بیٹی اداکارہ سوناکشی سنہا کے خلاف ٹرولنگ کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ سوناکشی سنہا ان ابتدائی بالی ووڈ شخصیات میں شامل تھیں جنہوں نے دہلی میں کاکروچ جنتا پارٹی کی زیرقیادت منعقد ہونے والے طلبہ کے احتجاج کی حمایت کی۔ جس کے بعد اداکارہ کو شدید ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا۔ 

اب ان کے والد اور آل انڈیا ترینامول کانگریس (ٹی ایم سی) کے رکن شتروگھن سنہا نے سوناکشی کے خلاف ہونے والی ٹرولنگ پر بات کی ہے اور ساتھ ہی ان کے سیاست میں آنے سے متعلق قیاس آرائیوں پر بھی گفتگو کی۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران 80 سالہ سینئر اداکار نے دہلی احتجاج کے لیے بھرپور حمایت کے بارے میں کہا بعض لوگوں نے یہ سوال بھی اٹھایا تھا کہ جب جھاڑکھنڈ میں طلبہ کے احتجاج کی بات آئی تو انہوں نے اسی طرح کا اقدام کیوں نہیں کیا۔ شتروگھن نے اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بیٹی نے چند روز قبل جھاڑکھنڈ کے طلبہ کی بھی حمایت کی تھی۔

سوناکشی کے مضبوط سیاسی خیالات پر ان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات وہ مجھ سے بھی زیادہ مضبوط اور دوٹوک خیالات رکھتی ہے، سوناکشی کے مستقبل میں سیاست میں آنے کے ارادے پر انھوں نے کہا میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔ پہلے میں اس سے پوچھا کرتا تھا۔ میں صرف اتنا کہہ سکتا ہوں کہ وہ ایک قابل فخر باپ کی سب سے زیادہ قابل فخر بیٹی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی کے خلاف ہونے والی ٹرولنگ فطری یا ازخود نہیں بلکہ یہ پیسے دیکر کروایا جاتا ہے۔ بہت سے لوگ جو اسے ٹرول کرتے ہیں اور اس کے بارے میں ہنگامہ کھڑا کرنے کی کوشش کرتے ہیں، وہ پیڈ ٹرولز ہیں۔ ہمارے دوستوں، یعنی بی جے پی کے پاس جو آئی ٹی سیل ہے، وہ یہ سب کر رہا ہے۔ لیکن سوناکشی نے یہ کہہ کر بالکل درست کیا کہ وہ ٹرولز کو دیکھتی تک نہیں۔ 

یہ پہلا موقع نہیں تھا جب سوناکشی کو آن لائن ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ اس سے قبل ظہیر اقبال سے شادی کے بعد بھی سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

شتروگھن سنہا نے کہا سی جے پی احتجاج کے دوران جب سماجی کارکن سونم وانگچک کو زبردستی جنتر منتر سے ہٹایا گیا تو سوناکشی نے اس واقعے کی مذمت کی اور ایک ویڈیو جاری کیا جس میں سوناکشی نے کہا تھا کہ سونم وانگچک کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ درست نہیں، مجھے خوشی ہے کہ وہ ٹھیک ہیں اور ان کی اہلیہ ان کے ساتھ ہیں، وہ مضبوط ہیں۔ گزشتہ چند دنوں سے میں انہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہزاروں لوگوں کو دیکھ رہی ہوں۔