امیتابھ نے کیریئر کی شروعات میں لمبے قد کے باعث مشکلات کا ذکر چھیڑ دیا

تصویر سوشل میڈیا۔

بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کا کہنا ہے کہ ایک زمانے میں انھیں اپنے قد کی وجہ سے کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا تھا اور یہاں تک ہوا کہ انہیں سیٹ سے ہی نکال دیا گیا کہ تم بہت لمبے ہو، گھر جاؤ۔ 

امیتابھ بچن نے ایک نوجوان اداکار کے طور پر فلم انڈسٹری میں اپنے ابتدائی دنوں کی مشکلات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں کہا گیا کہ آپ کو اداکاری نہیں آتی۔

83 سالہ سینئر ترین اداکار متعدد زبانوں میں بے شمار فلموں میں کام کر چکے ہیں اور اپنی شاندار اداکاری کے باعث کئی اعزازات بھی حاصل کر چکے ہیں۔ تاہم ان کے مطابق فلمی دنیا میں ان کے ابتدائی دن اتنے آسان نہیں تھے۔ کون بنے گا کروڑ پتی 18 کی میزبانی کرنے والے بالی ووڈ سپر اسٹار نے بتایا کہ نوجوانی میں انہیں مسلسل مسترد کیے جانے اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

کے بی سی کی ایک خصوصی قسط میں گفتگو کے دوران امیتابھ سے پوچھا گیا کہ کیا آپ کو بھی شوٹنگ کے دوران غلطیاں کرنے پر کھلاڑیوں کی طرح ڈانٹ پڑتی تھی؟ اس پر انھوں نے اپنے ابتدائی کیریئر کی مشکلات کا کھل کر ذکر کیا۔

انہوں نے بتایا کہ مجھے بہت ڈانٹ پڑتی تھی اور کہتے تھے کہ تمیں کوئی اداکاری نہیں آتی تم بہت لمبے ہو، گھر جاؤ۔ پھر جب کام ملنے لگا تو وہ کہتے تھے، اچھا ٹھیک ہے، وہاں جاکر کھڑے ہو جاؤ اور ڈائیلاگ بولو۔ پھر پوچھتے، کیا ڈائیلاگ بولنے کا یہ کوئی طریقہ ہے؟ وہ مجھے ڈانٹتے اور میری غلطیاں درست کرتے تھے اور آہستہ آہستہ میں نے بہتری لانا شروع کی۔

انہوں نے کہا ایک مرتبہ انہیں دیر سے پہنچنے پر ڈانٹ کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے مطابق وہ عموماً شوٹنگ پر وقت پر پہنچنے کی کوشش کرتے، لیکن ایک بار وہ دیر سے پہنچے۔ اس وقت ان کے پاس اپنی گاڑی بھی نہیں تھی، اس لیے وہ کسی اور کی گاڑی میں سیٹ پر پہنچے۔ 

امیتابھ نے کہا کہ جب وہ وہاں پہنچے تو ڈائریکٹر سیٹ کے باہر کھڑے تھے۔ ڈائریکٹر نے انہیں دیکھتے ہی کہا شوٹنگ ختم ہو چکی ہے اور انہیں وہاں سے چلے جانے کو کہا۔

جہاں تک موجودہ دور میں ان کے کام کا تعلق ہے تو امیتابھ بچن آخری بار کَلکی 2898 اے ڈی میں نظر آئے تھے۔ ہدایت کار ناگ ایشون کی اس سائنس فکشن فلم میں پربھاس، دیپیکا پڈوکون اور کمل ہاسن نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔ جبکہ اس فلم نے دنیا بھر میں 1000 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا۔ امیتابھ بچن اس وقت فلم کے سیکوئل کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔