باپ اور 4 سالہ بچے کی گھر سے لاشیں برآمد، ساس کا بہو پر قتل کا الزام

—فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی شہر بنگلورو میں 34 سالہ شخص اور اس کے 4 سالہ بیٹے کی گھر سے لاشیں برآمد ہوئی ہیں، پولیس نے مقتول شخص کی والدہ کی شکایت پر قتل کا مقدمہ درج کر کے مقتول کی بیوی کے خلاف تحقیقات شروع کر دیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقتول ابھینندن اپنی اہلیہ ہرینی اور 4 سالہ بیٹے کے ساتھ رہتا تھا، دونوں کی موت 16 اور 17 اگست کی درمیانی رات میں ہوئی۔

مقتول کی والدہ بھاگیاما کے مطابق صبح تقریباً 6 بجے 1 رشتے دار نے فون کر کے بیٹے اور پوتے کی موت کی اطلاع دی، جس کے بعد ہم تقریباً 9 بجے اپنے بیٹے کے گھر پہنچے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقتول کی والدہ کا کہنا ہے کہ میرے بیٹے ابھینندن کے چہرے اور جسم پر زخم جبکہ سر سے خون بہہ رہا تھا، میرا 4 سالہ پوتا بھی بیٹے کے قریب مردہ پڑا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ بچے کو گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا ہے، بھاگیاما نے شُبہ ظاہر کیا ہے کہ میرے بیٹے اور پوتے کو بہو ہرینی کے مبینہ ناجائز تعلقات کے باعث قتل کیا گیا۔

درج کروائی گئی شکایت کے مطابق ہرینی مبینہ طور پر تقریباً 1 سال قبل وِنے نامی شخص کے ساتھ گھر سے چلی گئی تھی اور 2 ماہ بعد گھر واپس آئی جس کے بعد وہ ابھینندن کے ساتھ دوبارہ رہنے لگی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے ہرینی اور دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم شکایت میں عائد الزامات تاحال ثابت نہیں ہوئے۔

پولیس دونوں اموات کی اصل وجہ اور ممکنہ طور پر ملوث دیگر افراد کے کردار کی بھی تحقیقات کر رہی ہے۔