فہیمہ اعوان مرحوم شوہر سے ان کہی بات پر آبدیدہ

—فائل فوٹوز

پاکستانی اداکارہ فہیمہ اعوان مرحوم شوہر سے متعلق گفتگو کے دوران آبدیدہ ہو گئیں اور انکشاف کیا کہ مجھے آج بھی اس بات کا افسوس ہے کہ میں اپنے شوہر کا کافی شکریہ ادا نہیں کر سکی۔

فہیمہ اعوان نے اپنے کیریئر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا اور پاکستان کی معروف ماڈلز میں شمار ہوئیں، 2016ء میں شوبز میں واپسی کے بعد انہوں نے اداکاری کے میدان میں بھی نمایاں مقام حاصل کیا۔

اداکارہ حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی، شوہر کی اچانک وفات اور شوبز سے وقفے کے بارے میں گفتگو کی۔

اپنے شوہر کی اچانک موت کو یاد کرتے ہوئے وہ جذباتی ہو گئیں اور انہوں نے کہا کہ میرے دل میں کئی ایسی باتیں تھیں جو میں شوہر سے نہیں کہہ سکی۔

فہیمہ اعوان نے کہا کہ میرے خیال میں بہت سی باتیں ان کہی رہ گئیں، مجھے لگتا ہے کہ میں ان کا کافی شکریہ ادا نہیں کر سکی، مجھے ان کا شکریہ ادا کرنا چاہیے تھا۔

اپنی شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے فہیمہ اعوان نے بتایا کہ میری ملاقات ایک ماڈل سے ہوئی تھی، جس نے مجھ سے کہا کہ وہ مجھے اپنی بھابھی بنانا چاہتی ہیں، ابتداء میں دونوں کے درمیان صرف تعریفی جملوں کا تبادلہ ہوا اور جلد ہی ان سے اچھی دوستی ہو گئی۔

اداکارہ کے مطابق مذکورہ خاتون اپنے بھائی، جو فوج میں افسر تھے، ان کے لیے رشتہ تلاش کر رہی تھیں، میں نے بھی سوچا کہ اگر رشتہ اچھا ہے تو فوجی افسر سے شادی کرنے میں کیا حرج ہے۔

فہیمہ کے مطابق میری ہونے والی نند مجھے اپنے گھر لے گئیں، جہاں ایک دعوت کے دوران خاندان کے دیگر افراد نے بھی مجھے دیکھا، بعد ازاں میرے لیے رشتہ آیا اور صرف ایک ہفتے کے اندر نکاح ہو گیا۔

شادی کے بعد فہیمہ اعوان نے شوبز انڈسٹری چھوڑ دی اور اپنے شوہر کے ساتھ پاکستان کے مختلف علاقوں کی سیر کی، تاہم 2016ء میں مالی مشکلات کے باعث انہوں نے دوبارہ شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا۔