عائزہ خان نے دانش تیمور سے علیحدگی کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی

پاکستانی اداکارہ عائزہ خان نے شوہر اور اداکار دانش تیمور سے مبینہ علیحدگی اور طلاق کی افواہوں پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے ان خبروں کو مسترد کر دیا۔

عائزہ خان کا شمار پاکستان کی معروف اداکاراؤں میں ہوتا ہے، انہوں نے کم عمری میں شوبز کی دنیا میں قدم رکھا اور اپنی اداکاری کے باعث ڈرامہ انڈسٹری میں نمایاں مقام بنایا، اداکارہ جلد ہی ہدایت کار ندیم بیگ کی فلم سے فواد خان کے ساتھ سنیما ڈیبیو بھی کرنے جا رہی ہیں۔

حال ہی میں عائزہ خان کے سوشل میڈیا انداز میں بھی تبدیلی دیکھنے میں آئی، جہاں انہوں نے مختلف انداز و لباس میں تصاویر شیئر کیں۔

ان کے اس نئے انداز نے مداحوں کی توجہ حاصل کی، کیونکہ عائزہ خان کو عموماً سادہ لباس میں دیکھا جاتا رہا ہے۔

دوسری جانب عائزہ خان کی جانب سے شوہر دانش تیمور کے ڈرامے ہمراہی کے اختتامی ایپی سوڈ کے پریمیئر میں شرکت نہ کرنے اور انسٹاگرام سے دانش تیمور کے ساتھ بعض تصاویر ہٹانے یا ایڈٹ کرنے کے بعد دونوں کی علیحدگی کی افواہیں گردش کرنے لگیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے ان تبدیلیوں کو عائزہ خان کے نئے بولڈ انداز سے جوڑتے ہوئے قیاس آرائیاں شروع کر دیں کہ کہیں یہ جوڑا علیحدگی یا طلاق کی جانب تو نہیں بڑھ رہا۔

تاہم اب عائزہ خان نے ایک فین پیج کو جواب دیتے ہوئے طلاق اور علیحدگی سے متعلق تمام افواہوں کو جعلی قرار دیا ہے۔

عائزہ کے اس ردِعمل سے ان کے مداحوں نے سکھ کا سانس لیا ہے، جو دونوں کے درمیان اختلافات کی خبروں پر تشویش کا اظہار کر رہے تھے۔