پرتگال کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی منگیتر جارجینا روڈریگز نے گھر پر سادگی سے شادی کے بعد مستقبل میں ایک شاندار تقریب منعقد کرنے کا اعلان کر دیا۔
کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز نے 11 اگست کو پرتگال میں واقع اپنے گھر کے ڈرائنگ روم میں شادی کی، جس میں ان کے بچوں کے علاوہ کوئی مہمان شریک نہیں تھا۔
جوڑے نے یہ شادی اپنی پہلی ملاقات کی 10 ویں سالگرہ کے موقع پر کی، جو 2016ء میں میڈریڈ کے ایک اسٹور میں ہوئی تھی۔
جارجینا روڈریگز نے برطانوی فیشن میگزین ووگ کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ مصروف شیڈول کے باعث دونوں نے فوری طور پر گھر میں ایک سادہ تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔
جارجینا کے مطابق مستقبل میں ہم خاندان اور دوستوں کی موجودگی میں ایک بڑی شادی کی تقریب منعقد کریں گے تاکہ اس خوشی کو سب کے ساتھ مل کر منایا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ بچپن میں ایک بہت بڑے محل، شاہی بگھی، لمبے عروسی لباس اور ہیروں سے جڑے تاج کے ساتھ بڑی شادی کا خواب دیکھا کرتی تھی، تاہم وقت کے ساتھ میری ترجیحات بدل گئیں۔
جارجینا نے کہا کہ اب میں بڑی اور شاندار شادی کے بجائے اپنے ساتھی اور بچوں کے ساتھ گھر میں ایک نجی اور پُرسکون تقریب کو ترجیح دیتی ہوں۔
شادی کے بعد کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز تقریباً 1 گھنٹے کا سفر کر کے پرتگال میں واقع شَرائن آف آور لیڈی آف فاطمہ بھی گئے، جہاں انہوں نے حاضری دی۔