راحت فتح علی خان کی نصرت فتح علی خان کے مزار پر پرفارمنس تنقید کی زد میں

—تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

معروف پاکستانی قوال راحت فتح علی خان نے لیجنڈری قوال نصرت فتح علی خان کو ان کی برسی کے موقع پر خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

نصرت فتح علی خان کو دنیا سے رخصت ہوئے تین دہائیاں گزر چکی ہیں، تاہم ان کی آواز اور فن آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔

 ان کی برسی کے موقع پر راحت فتح علی خان اور ان کے بیٹے شاہ زمان علی خان نے نصرت فتح علی خان کے مزار پر حاضری دی۔

اس موقع پر دونوں نے نصرت فتح علی خان کے مزار کے سامنے کلام اور قوالی پیش کی، قوالی کے دوران نذرانے کے طور پر نوٹ بھی نچھاور کیے گئے، جبکہ بڑی تعداد میں مداح اور دیگر افراد وہاں موجود تھے۔

مزار پر قوالی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف ردِعمل سامنے آ رہے ہیں۔

 بعض صارفین نے مزار پر اس انداز میں قوالی پیش کرنے کو ناپسند کیا ہے۔

واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہی ہیں اور راحت فتح علی خان کے اس اقدام پر بحث جاری ہے۔