نام نہاد آپریشن سندور پر بھارتی دستاویزی فلم ڈرامائی اور حقائق کے منافی ہے، معرکۂ حق کے ایک سال سے زیادہ عرصہ گزر گیا، بھارت اب بھی شکست کی تلخ حقیقت تسلیم کرنے سے انکاری ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تاریخ کو مسخ کرنے کیلئے بھارتی مواد تخلیق کاروں نے نام نہاد آپریشن سندور کی انتہائی ڈرامائی، رنگین اور حقائق کے منافی داستان تیار کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دستاویزی فلم میں بھارت کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت کو بھی شامل کیا گیا، ناکام مہم میں شکست تسلیم کرنے کے بجائے بھارت نے تاریخ کو اپنی مرضی سے پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ نام نہاد آپریشن سندور کے نام پر تاریخ دوبارہ لکھنے کی کوشش بے نقاب ہوگئی، بھارتی ڈاکومینٹری حقائق مسخ کرنے کی کوشش ہے۔ بھارتی ڈاکومینٹری حقائق کے بجائے جذباتی بیانیے اور فلمی انداز کی عکاس ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پہلگام واقعے کے مبینہ ملزمان 28 جولائی کو مارے گئے، 7 مئی کو بھارت نے کس کو سزا دی؟ 100 فیصد مشن کامیابی کا بھارتی دعویٰ آپریشنل ریکارڈ سے مطابقت نہیں رکھتا۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں پاکستان نے بھارتی جارحیت ناکام بنائی، پاکستان نے بھارتی جارحیت کے دوران 8 فوجی طیارے مار گرائے، آپریشن بنیان مرصوص میں 26 بھارتی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، فلمی مناظر طیاروں کے نقصان اور حقیقی جنگی حقائق نہیں بدل سکتے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کو معرکہ حق پر کوئی من گھڑت بیانیہ بنانے کی ضرورت نہیں، جنگی ریکارڈ ، سفارتی رابطے اور بھارتی بیانات حقیقت خود بیان کرتے ہیں، معرکۂ حق کو ایک سال سے زیادہ عرصہ گزر گیا ہے، بھارت معرکہ حق میں شکست کی تلخ حقیقت تسلیم کرنے سے انکاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کے لیے پرعزم ہے، پاکستانی افواج ملکی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کیلئے مکمل تیار ہیں، آئندہ کوئی فوجی مہم جوئی ہوئی تو پاکستان کا جواب فیصلہ کن ہوگا۔