اوورسیز پاکستانیز کا نئے صوبے بنانے کی تجویز کا خیرمقدم

اوورسیز پاکستانیز نے ملک میں نئے صوبے بنانے کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے انتظامی اصلاحات کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔

اوورسیز پاکستانیز کے نمائندہ اور گجرخان سے تعلق رکھنے والے معروف بزنس مین راجہ ناصر حسین نے جنگ سے گفتگو میں کہا کہ سات صوبوں کی تجویز کے ساتھ اسلام آباد اور پوٹھوہار پر مشتمل آٹھویں صوبے کے قیام کو بھی زیرِ غور لایا جانا چاہیے۔ 

انہوں نے نئے صوبوں کے قیام کےلیے آئینی ترمیم اور اتفاق رائے پر زور دیا۔

راجہ ناصر حسین نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت میں ترسیلاتِ زر کے ذریعے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں اور بیرونِ ملک پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی رقوم ملکی معاشی نظام کے استحکام میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی معاشی خدمات اور قومی کردار کے پیش نظر انہیں ملکی انتظامی و سیاسی ڈھانچے میں مؤثر نمائندگی دینے کے نئے طریقوں پر غور وقت کی ضرورت ہے۔