امیتابھ نے ممبئی میں تین منزلیں کرائے پر دے دیں، 5 سال میں کتنی رقم حاصل ہوگی؟

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے ممبئی کے اندھیری ویسٹ میں تین منزلیں 33 لاکھ روپے ماہانہ کرائے پر دے دیں۔ 

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ لیز ‘سگنیچر’ عمارت کی تین اوپری منزلوں پر مشتمل ہے، جس کا کل کارپٹ ایریا تقریباً 8,428 مربع فٹ ہے۔

7 اگست 2026 کو رجسٹرڈ ہونے والے معاہدے کے مطابق پانچ سالہ لیز کی مدت کے دوران کرائے کی مد میں 21.88 کروڑ روپے ادا کیے جائیں گے۔

دستاویز کے مطابق، اس لیز میں عمارت کی مخصوص پارکنگ جگہوں پر نو گاڑیوں کی پارکنگ کا خصوصی حق بھی شامل ہے۔ یہ تازہ ترین معاہدہ ممبئی میں امیتابھ بچن کے کمرشل ریئل اسٹیٹ پورٹ فولیو میں مزید اضافہ کرتا ہے۔

2023 میں انہوں نے ممبئی کی لوٹس سگنیچر عمارت میں چار دفتر 17.30 لاکھ روپے ماہانہ کرائے پر دیے تھے۔ 

امیتابھ بچن نے ممبئی سے باہر بھی اپنی ریئل اسٹیٹ سرمایہ کاری کو وسعت دی ہے، خاص طور پر ایودھیا میں، جو مذہبی سیاحت اور سرمایہ کاری کی ایک اہم منزل کے طور پر ابھرا ہے۔