سفارتخانہ پاکستان بڈاپسٹ میں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

سفارتخانہ پاکستان بڈاپسٹ میں پاکستان کا 79 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ 14 اگست کی صبح منعقدہ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور افراد، طلبہ اور ان کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

سفیر پاکستان آصف حسین میمن نے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا، جبکہ شرکاء نے قومی ترانہ پڑھا۔ 

تلاوتِ قرآن پاک کے بعد سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن مرزا سمیر بیگ نے صدرِ پاکستان، وزیراعظم پاکستان اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔

اپنے خطاب میں سفیر پاکستان آصف حسین میمن نے یومِ آزادی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سب کو ساتھ لے کر آگے بڑھنے کے عزم پر قائم ہے۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء کی پاکستانی روایتی کھانوں سے تواضع کی گئی۔