پہلا اوپن ہاؤس پاکستان فیسٹیول 2026 اختتام پذیر، پاکستانیوں اور یورپی شہریوں کی شرکت

بیلجیئم میں پہلا اوپن ہاؤس ‘پاکستان فیسٹیول 2026’ انتہائی شاندار طریقے سے اختتام پذیر ہوگیا۔ فیسٹیول کا اہتمام سفارت خانہ پاکستان برسلز نے یورپی دارالحکومت کے اہم ترین سیاحتی مقام گرینڈ پیلس سے بالکل متصل پیلس آگورا میں کیا تھا۔ 

فیسٹیول میں خیموں کا ایک چھوٹا سا شہر بسا کر پاکستان کے ثقافتی رنگ پیش کیے گئے تھے۔ ان میں پاکستان کے روایتی لباس، جیولری اور پاکستانی خوراک کے اسٹالز شامل تھے۔ جبکہ دو اسٹینڈز پر صرف حنا کاری جاری تھی جہاں سارا دن تمام قومیتوں کے افراد نے مہندی کے خوبصورت ڈیزائن بنوائے۔ 

پاک۔بینیلکس اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رانا جاوید کوثر کی کمپنی کے اسٹال پر ان کی کمپنی کی جانب سے پاکستان سے امپورٹ کی جانے والی 15 مختلف غیر روایتی اشیا پیش کی گئیں تھیں۔

یہیں پر سفارت خانے نے اپنا استقبالیہ اسٹال بھی بنا رکھا تھا جہاں پاکستانی ہنرمندوں کی بنائی گئی دستکاری اور ٹرک آرٹ کے نمونے رکھے گئے تھے۔ اسی مقام پر سفیر پاکستان رحیم حیات قریشی اور سفارت خانے کے دیگر افسران مختلف یورپی اداروں کے حکام اور برسلز میں موجود سفیروں کا وقفے وقفے سے استقبال کرتے رہے۔ 

علاوہ ازیں سفارت خانے کے افسران کی بیگمات نے اپنے ہاتھوں سے بنائی ہوئی میٹھی اشیاء کا اسٹال لگا رکھا تھا جس کی آمدنی چیریٹی کیلئے استعمال کی جائے گی۔ 

صبح 10 بجے سے لیکر رات 10 بجے تک جاری رہنے والے اس فیسٹیول کا سب سے اہم حصہ یہاں جاری رہنے والا لائیو میوزک تھا۔ جسے نہ صرف سیاحوں کی اکثریت نے پسند کیا بلکہ شرکاء یہاں بجنے والے ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کرتے رہے۔ 

اسی دوران یورپ کے دورے پر آئے ہوئے پارلیمینٹ کی کشمیر کمیٹی کے رکن رانا قاسم نون نے بھی فیسٹیول کا دورہ کیا۔ جبکہ پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سفیر پاکستان رحیم حیات قریشی نے پاکستان فیسٹیول میں شرکت کرنے والے تمام معزز پاکستانیوں، بیلجیئن اور یورپی دوستوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس کاوش کو سراہا اور اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر بے حد خوشی اور مسرت ہو رہی ہے کہ اس فیسٹیول میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں بیلجیئن اور دیگر یورپی شہری بھی بھرپور شرکت کر رہے ہیں اور پاکستانی کھانوں، ملبوسات، دستکاری اور ہمارے شاندار تہذیبی ورثے سے محظوظ ہو رہے ہیں۔

انہوں نےکہاکہ یہ فیسٹیول جہاں پاکستان کے جشنِ آزادی کی تقریبات کا حصہ ہے، وہیں پاکستان اور یورپ کے درمیان عوامی، ثقافتی اور تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کا ایک خوبصورت ذریعہ بھی ہے۔

سفیر پاکستان نے کہا بالخصوص ان تمام پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اپنے اسٹالز کے ذریعے پاکستانی کھانوں، ملبوسات اور مصنوعات کو متعارف کرایا اور پاکستان کے ثقافتی ورثے کو یورپی عوام کے سامنے اجاگر کیا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سفارتخانہ پاکستان برسلز آئندہ بھی ایسے پروگرام کا انعقاد جاری رکھے گا تاکہ یورپ کے دارالحکومت میں پاکستان کی خوبصورت ثقافت، روایات، سیاحت اور تجارتی صلاحیت کو مزید مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔

Related posts

کنگنا رناوت کا نصیرالدین شاہ پر ایک بار پھر طنز

انگلینڈ ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے قریب پہنچ گیا

کشمیر میں احتجاج پر مقدمہ خارج کرنے کی درخواستوں پر سماعت