جنسی زیادتی کے مجرم سابق رکن اسمبلی سے جیل میں موبائل فون برآمد

—فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

جنسی زیادتی کے مجرم، سابق بھارتی رکنِ اسمبلی پرجوال ریونا کو بنگلورو کی جیل میں موبائل فون استعمال کرتے ہوئے پکڑے جانے کے بعد جیل حکام کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کرائم برانچ کے اہلکاروں نے جیل میں اچانک چھاپہ مارا جس کے دوران عمر قید کی سزا کاٹنے والے پرجوال ریونا کے پاس سے موبائل فون برآمد ہوا۔ 

واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ تحقیقات جاری ہیں کہ موبائل فون جیل کے اندر کیسے پہنچا۔

سیکیورٹی میں غفلت پر جیل کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ ایرنا رنگاپور کو معطل کردیا گیا ہے جبکہ جیل سپرنٹنڈنٹ انشوچ کمار کو وضاحت کے لیے نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پرجوال ریونا سابق بھارتی وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کے پوتے اور مرکزی وزیر ایچ ڈی کمارا سوامی کے بھتیجے ہیں، انہیں گزشتہ سال زیادتی، دھمکانے اور جنسی زیادتی کی ویڈیوز بنانے اور وائرل کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرہ خاتون ریونا خاندان کے فارم ہاؤس میں ملازمہ تھی، انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ پرجوال ریونا نے 2021ء میں انہیں متعدد بار زیادتی کا نشانہ بنایا اور واقعے کی ویڈیوز بنا کر خاموش رہنے کے لیے دھمکایا بھی۔

معاملہ اور زیادتی کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد پرجوال ریونا جرمنی چلے گئے تھے، بعد ازاں انہیں جنتا دل سیکولر سے معطل کردیا گیا تھا، وہ 2024ء کے لوک سبھا انتخابات میں شکست کے بعد جرمنی سے واپسی پر گرفتار ہوئے تھے۔

Related posts

مکہ دفاعی معاہدہ کتنا اہم؟ تینوں ممالک کی مشترکہ طاقت کا رنگ کیا؟

دریا سواں میں ڈوبنے والی خاتون کی شناخت ہوگئی

پاسداران کو دشمن کی سرزمین پر حملوں کی صلاحیت حاصل کرنے کا حکم دیدیا، جنرل رضا نقدی