ہانیہ عامر اسٹار ہیں، زیادہ معاوضہ لینے میں برائی نہیں: فیصل قریشی

—فائل فوٹوز

پاکستانی اداکار فیصل قریشی نے اداکارہ ہانیہ عامر کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور اسٹار پاور کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہانیہ اس وقت پاکستان کی نمایاں اور سب سے زیادہ پہچانی جانے والی اداکاراؤں میں شامل ہیں اور اگر وہ برانڈز کے ساتھ کام کرنے کے لیے زیادہ معاوضہ طلب کرتی ہیں تو اس میں کوئی برائی نہیں۔

ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران فیصل قریشی سے ہانیہ عامر کی مقبولیت اور شوبز انڈسٹری میں ان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے بارے میں سوال کیا گیا۔

فیصل قریشی نے ہانیہ عامر کی مقبولیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ان کا چہرہ ملک بھر کے بل بورڈز اور سائن بورڈز پر نمایاں نظر آتا ہے، جبکہ بڑے برانڈز بھی اپنی مصنوعات کی تشہیر کے لیے انہیں ترجیح دے رہے ہیں۔

فیصل قریشی نے مزید کہا کہ بھائی، وہ اس وقت اسٹار ہے، ہانیہ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بڑی بڑی کمپنیاں اپنی مصنوعات کے ساتھ ان کا نام اور چہرہ جوڑنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔

ان کے مطابق ہانیہ جانتی ہیں کہ اس وقت ان کا بہترین دور چل رہا ہے اور برانڈز بھی ان کی موجودہ مارکیٹ ویلیو سے بخوبی واقف ہیں۔

فیصل قریشی نے ہانیہ عامر کی جانب سے زیادہ معاوضہ طلب کیے جانے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی فنکار اپنی بڑھتی ہوئی طلب کے مطابق زیادہ فیس وصول کرنا چاہے تو اس میں کوئی حرج نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب کسی فنکار کی مانگ بڑھتی ہے تو اس کی تجارتی قدر میں بھی قدرتی طور پر اضافہ ہوتا ہے، لہٰذا زیادہ معاوضہ طلب کرنا اسی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کا حصہ ہے۔

Related posts

نادیہ خان تھائی لینڈ کی خوبصورتی اور صفائی سے بے حد متاثر

میر رضا قتل کیس، پولیس کو جیو فینسنگ میں مشکلات کا سامنا

زمبابوے میں کشتی الٹ گئی، 15 افراد ہلاک، 27 لاپتہ