لیلیٰ زبیری کا شادی شدہ جوڑوں کو اختلافات سے نمٹنے کا مشورہ

—فائل فوٹو

پاکستان کی سینئر اداکارہ لیلیٰ زبیری نے میاں بیوی کے درمیان ہونے والے اختلافات اور غصے کی صورتحال سے نمٹنے سے متعلق اہم مشورہ دے دیا۔

لیلیٰ زبیری نے خواتین کو مشورہ دیا کہ جب شوہر غصے میں ہوں تو فوری طور پر بحث میں الجھنے یا جواب دینے کے بجائے خاموش رہنا بہتر ہے، کیونکہ غصے کی حالت میں دیا گیا فوری ردعمل صورتِ حال کو مزید خراب کرسکتا ہے۔

اداکارہ کے مطابق جب میاں یا بیوی میں سے کوئی غصے میں ہو تو اسے کچھ وقت دینا چاہیے تاکہ وہ پُرسکون ہوسکے، جس کے بعد اختلاف کی اصل وجہ پر بات کی جائے۔

لیلیٰ زبیری نے میزبان ندا یاسر سے گفتگو کے دوران اپنی ازدواجی زندگی کا ایک اصول بھی شیئر کیا۔

انہوں نے بتایا کہ میں اور میرے شوہر نے شادی کے آغاز ہی میں یہ طے کر لیا تھا کہ ہم کبھی ایک دوسرے سے ناراض ہو کر نہیں سوئیں گے۔

اداکارہ کے مطابق دونوں میاں بیوی اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے، ایک دوسرے سے معذرت کرنے اور معاملہ سلجھانے کی کوشش کرتے ہیں، تاکہ رات سونے سے پہلے ناراضی ختم ہو جائے۔

تاہم لیلیٰ زبیری کے مشورے پر سوشل میڈیا صارفین کے درمیان بحث چھڑ گئی۔

 کئی صارفین نے سوال اٹھایا کہ غصے کی صورت میں خاموش رہنے کا اصول صرف خواتین کے لیے کیوں ہونا چاہیے۔

بعض صارفین نے کہا کہ یہ اصول دونوں میاں بیوی پر یکساں لاگو ہونا چاہیے، اگر شوہر غصے میں ہو تو بیوی کو خاموش رہنے کی توقع کی جاتی ہے تو بیوی کے غصے میں شوہر کو بھی یہی رویہ اختیار کرنا چاہیے۔

ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ میاں بیوی کو باری باری خاموش رہنے کا اصول اپنانا چاہیے، یعنی جب بھی دونوں میں سے کوئی غصے میں آئے، دوسرا خاموش ہوجائے۔

لیلیٰ زبیری پاکستان کی سینئر اور معروف ٹیلی وژن اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں، ان کا فنی کیریئر پی ٹی وی کے ابتدائی دور سے وابستہ ہے، انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ریڈیو آرٹسٹ کے طور پر کیا اور بعد ازاں 1980ء کی دہائی میں ٹیلی وژن کا رخ کیا۔

لیلیٰ زبیری کو گیسٹ ہاؤس سمیت کئی یادگار ڈراموں میں اداکاری کے باعث شہرت ملی، جبکہ وہ متعدد مقبول ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

Related posts

راولپنڈی میں ہلاک ہونے والا شخص پی ٹی آئی کارکن تھا، شفیع جان

آبنائے ہرمز پر امریکا اور ایران آمنے سامنے، امن مذاکرات ایک بار پھر خطرے میں

راولپنڈی میں بارش، پانی دکانوں اور گھروں میں داخل