پاکستانی اداکارہ زارا نور عباس کے وزن میں حیران کن کمی دیکھ کر مداح دنگ رہ گئے۔
زارا نور عباس اپنی جاندار اداکاری اور منفرد انداز کے باعث مداحوں میں خاصی مقبول ہیں، اداکارہ کے انسٹاگرام پر 67 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں، زارا نور عباس اداکار اسد صدیقی کی اہلیہ ہیں اور دونوں کی ایک بیٹی نورِ جہاں ہے، جو 2024ء میں پیدا ہوئی۔
حال ہی میں زارا نور عباس نے ایک ڈرامے دل ڈھونڈتا ہے پھر وہی میں اپنی اداکاری سے مداحوں کی توجہ حاصل کی، ڈرامے کے لیے وزن بڑھانے پر اداکارہ کو سوشل میڈیا پر تنقید اور باڈی شیمنگ کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔
تاہم اب زارا نور عباس نے وزن میں نمایاں کمی کے بعد ایک نئی اور بدلتی ہوئی لک کے ساتھ مداحوں کو حیران کردیا ہے۔
اداکارہ حالیہ دنوں میں مغربی طرز کے ملبوسات میں اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر رہی ہیں، جن میں وہ اپنی فِٹنس اور بدلی ہوئی جسامت کو پُراعتماد انداز میں نمایاں کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
زارا نور عباس کی حالیہ تصاویر دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین ان کی تبدیلی پر حیران ہیں۔ بعض مداحوں کا کہنا ہے کہ زارا پہلے بھی خوبصورت لگتی تھیں اور انہیں وزن کم کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔
دوسری جانب کچھ صارفین نے زارا کے تیزی سے وزن کم کرنے پر مختلف قیاس آرائیاں بھی کیں، حتیٰ کہ بعض نے اسے اوپیمپک (Ozempic) سے بھی جوڑنے کی کوشش کی، کئی صارفین نے ان کے نئے فیشن اور اسٹائل کی تعریف بھی کی۔