نصیرالدین شاہ کے بیان پر کنگنا رناوت تلملا اٹھیں

تصویر سوشل میڈیا۔

متنازع بیانات دینے کے حوالے سے مشہور بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت طلبہ کے احتجاج سے متعلق سینئر اداکار نصیرالدین شاہ کے بیان پر تلملا اٹھیں۔

بی جے پی کی رکن پارلیمنت کنگنا کے تلملانے کی وجہ نصیرالدین شاہ کا وہ بیان ہے جس میں انہوں نے سوال اٹھایا تھا کہ بڑے اور معروف اے لسٹ اداکار طلبہ کے احتجاج کے بارے میں کھل کر آواز کیوں نہیں اٹھا رہے؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ بڑے اداکار تب ہی ایسا کریں گے جب ان کا ضمیر انہیں کہے گا، ایک کہاوت ہے کہ منہ میں ہڈی دبائے کتا بھونک نہیں سکتا۔

اب کنگنا رناوت نے سوال اٹھایا ہے کہ نصیرالدین شاہ جھارکھنڈ میں ہونے والے احتجاج پر خاموش کیوں ہیں؟

انھوں نے اپنے انسٹاگرام اسٹوری پر اداکار پیوش مشرا کی جانب سے نصیرالدین شاہ کے بیان پر کیے گئے ایک تبصرے کو دوبارہ شیئر کیا۔ پیوش مشرا نے نصیرالدین شاہ سے جھاڑ کھنڈ میں جاری طلبہ کے احتجاج پر ان کی خاموشی کے بارے میں سوال کیا تھا۔ 

کنگنا نے اس کے ساتھ ایک الگ نوٹ بھی لکھا، جس میں کہا: سچ تو یہ ہے کہ ہر کوئی کسی نہ کسی کا کتا ہے، لیکن مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میں جس ملک کی روٹی کھاتی ہوں، اسی کی رکھوالی کرتی ہوں۔

چند روز قبل کنگنا رناوت نے جنریشن زی کی قیادت میں ہونے والے احتجاج کے حوالے سے اپنے مؤقف میں بڑی تبدیلی کی تھی۔ اس سے پہلے انہوں نے جنریشن  زی کو ’جنریشن گٹر‘ قرار دیا تھا، تاہم بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جین زی ہمارے ملک کی طاقت ہے اور ایک طرح سے ہماری قوم کے لیے ایک بہت بڑا اثاثہ بھی ہے۔ ہمیں اس بات پر بہت خوشی ہے کہ ہمارے نوجوان تیزی سے ہماری ثقافت اور شناخت کے سفیر بن کر سامنے آ رہے ہیں۔

Related posts

فوجی تقرریاں جنگی تجربے کی عکاس ہیں: عراقچی، قالیباف

جیلوں سے مجرموں کی جلد رہائی اسکیم ہزاروں افراد کیلئے خطرے کی گھنٹی بننے کا خدشہ

امریکا، ایران سمجھوتے کے قریب ہیں، خواجہ آصف کا انکشاف