ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ پابندیوں کی شدت میں اضافہ امریکا کی پالیسی نہیں بلکہ عادت بن چکی ہے، امریکی وزیرِ خزانہ نے اقتصادی پابندیوں کے ذریعے ایران کا ‘دم گھونٹنے’ پر فخر کا اظہار کیا ہے۔
اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ امریکا کی پابندیوں کے جنون کی ایک واضح مثال ہے، جب بھی واشنگٹن سفارتکاری سے معاملات آگے بڑھانے میں ناکام ہوتا ہے پابندیوں کا سہارا لیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب پابندیاں مطلوبہ نتائج میں ناکام ہوتی ہیں تو امریکا ان کی شدت میں اضافہ کردیتا ہے، اب یہ محض امریکا کی پالیسی نہیں رہی بلکہ عادت بن چکی ہے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا کا یہ ایک ایسا جنون بن چکا ہے جس نے سوچنے سمجھنے کی صلاحیت ختم کردی ہے۔
بقائی نے مزید کہا کہ ایران ان فرسودہ اور بار بار دہرائےجانے والے حربوں کے ذریعے گھٹنے نہیں ٹیکے گا، امریکی سیاستدان اس بحران سے نسبتاً کم رسوائی کیساتھ نکلنے کے باقی ماندہ امکانات بھی ختم کردیں گے۔