مستعفی ہونے کی خبروں کے دوران ایرانی صدر پزشکیان کی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سے اہم ملاقات

— فائل فوٹو

ایرانی سُپریم لیڈر آیت اللّٰہ مجتبیٰ خامنہ ای نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی صدارت کے تیسرے سال کے آغاز پر حال ہی ان سے میں ملاقات کی ہے۔

حال ہی میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کی خبریں زیرِ گردش رہیں، جنہیں انہوں نے مسترد کر دیا تھا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر مجتبیٰ خامنہ نے گزشتہ شب مختلف بیانات جاری کیے اور بتایا کہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملک کے اقتصادی اور فوجی امور پر تبادلۂ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے بات چیت میں عوام کی معاشی ضروریات، ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جارحانہ جنگی صورتِ حال اور مستقبل کے امکانات، فوجی پیش رفت، وسائل کے حصول اور ایرانی ریال، غیر ملکی زرِمبادلہ اور توانائی کے اخراجات کے انتظام کے طریقہ کار کے علاوہ غیر ملکی شراکت داروں کے ساتھ اقتصادی روابط کے امور پر گفتگو کی۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب ایران اور امریکا کے درمیان مزید کشیدگی کے امکانات بڑھ رہے ہیں، جبکہ امریکا ایران کے خلاف بلااشتعال جنگ میں اپنے اعلان کردہ اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے، تاہم مذکورہ ملاقات کی تاریخ واضح نہیں کی گئی۔

یاد رہے کہ صدر مسعود پزشکیان نے حال ہی میں کہا تھا کہ اس وقت مجتبیٰ خامنہ ای سے رابطہ بہت مشکل ہے، جس کے بعد سپریم لیڈر کی صحت کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیوں نے جنم لیا تھا۔

خیال رہے کہ ایران رواں سال فروری میں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے شروع کی گئی جنگ کے خاتمے کے لیے واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات میں مصروف ہے، تاہم ابتدائی معاہدہ ناکام ہو گیا ہے، ایران کے اعلیٰ سفارت کار کے مطابق اب بات چیت ثالثوں کے ذریعے پیغامات کے تبادلے تک محدود ہے۔

گزشتہ روز ایرانی خبر ایجنسی نے پاسدارانِ انقلاب کے ایک جنرل کے حوالے سے بتایا تھا کہ مجتبیٰ خامنہ ای کی عوام کے درمیان اور ملاقاتوں کے دوران بنائی گئی تصاویر مستقبل میں شائع کی جائیں گی، تاہم اس حوالے سے کوئی ٹائم لائن نہیں دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران کے خلاف جنگ کا دوسرا مرحلہ شروع کرتے ہوئے اسلامی انقلاب کے سابق رہبر آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای اور متعدد اعلیٰ فوجی کمانڈروں اور حکام کو شہید کر دیا تھا۔

مسعود پزشکیان 2024ء کے صدارتی انتخابات کے 5 جولائی کو ہونے والے دوسرے مرحلے میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد 6 جولائی 2024ء کو صدر منتخب ہوئے تھے۔

انہیں 28 جولائی 2024ء کو آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای نے باضابطہ طور پر صدر مقرر کیا تھا، جبکہ 30 جولائی کو انہوں نے ایرانی پارلیمان کے سامنے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔

ان کا انتخاب سابق صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے کے چند ماہ بعد عمل میں آیا تھا۔

Related posts

لیڈز روڈ فیسٹیول 2026ء کی لانچنگ میں مختلف کمیونٹیز اور کاروباری شخصیات کی شرکت

اردو یونیورسٹی کے سیکیورٹی انچارج پر قاتلانہ حملہ، 7 پروفیسرز کو نوٹس، اساتذہ سراپا احتجاج

ایلون مسک کی دولت میں 1 سال کے دوران 320 ارب ڈالرز کا اضافہ