کیا عاطف اسلم موسیقی چھوڑ دیں گے؟

عاطف اسلم— اسکرین گریب

پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم کا کہنا ہے کہ مجھے آج تک نہیں معلوم کہ میں کامیاب کیسے ہوا؟

سوشل میڈیا پر 11 ملین سے زائد فالوورز رکھنے والے عاطف اسلم اپنی پُرسوز اور جذباتی گائیکی کے باعث خاص شہرت رکھتے ہیں، جن میں عادت، کچھ اس طرح، باخدا، دل دیاں گلاں اور دیگر کئی گانے شامل ہیں۔

مداح بالخصوص ان کی پُراثر آواز اور بلند سُروں تک باآسانی پہنچنے کی صلاحیت کو سراہتے ہیں۔

حال ہی میں عاطف اسلم نے بھارت کے معروف یوٹیوب چینل کو ایک انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنی شہرت، کامیابی اور موسیقی چھوڑنے سے متعلق خیالات پر کھل کر گفتگو کی۔

اپنی شہرت کے بارے میں بات کرتے ہوئے عاطف اسلم نے کہا کہ مجھے کچھ معلوم نہیں تھا، مجھے اس بات کا کوئی اندازہ نہیں تھا کہ میں کامیاب کیسے ہوا؟ آج تک مجھے نہیں معلوم کہ یہ سب کیسے ہوا؟ کیونکہ ایک گانے کے بعد آپ سوچتے ہیں کہ اچھا، اب آگے کیا؟ اور دوسرے گانے کے بعد آپ سوچتے ہیں کہ بس، شاید لوگ مجھے پسند نہیں کرتے، لیکن البم کے بعد صورتحال مشکل ہوجاتی ہے کیونکہ ذمے داری کا احساس پیدا ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ اس کامیابی کو محنت کا نتیجہ قرار دیتے ہیں، لیکن کوئی خاص محنت نہیں تھی، اللّٰہ آپ کو وہیں لے جاتا ہے جہاں وہ آپ کو دیکھنا چاہتا ہے، شہرت یا کامیابی بس یہی ہے۔

موسیقی چھوڑنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی موسیقی چھوڑنے یا گائیکی سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بارے میں نہیں سوچا، البتہ کبھی کبھی تخلیقی جمود آجاتا ہے اور میرا ماننا ہے کہ ایک فنکار کے لیے یہ بھی ضروری ہے۔

عاطف اسلم نے یہ بھی کہا کہ ایک وقت ایسا آتا ہے جب آپ خود کو خالی محسوس کرتے ہیں، ایک فنکار کی حیثیت سے آپ کو ایسے مرحلے اور دور سے گزرنا پڑتا ہے جہاں تخلیقی جمود کا سامنا ہوتا ہے، آپ کچھ لکھ نہیں پاتے لیکن پھر ایک وقت آتا ہے جب آپ کو محسوس ہوتا ہے کہ جام بھر چکا ہے، آپ خاموشی سے بیٹھتے ہیں، اللّٰہ کا شکر ادا کرتے ہیں اور اس کیفیت سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

Related posts

4 ماہ کا مغوی بچہ بازیاب، خاتون اور 1 شخص گرفتار

سعودی عرب، ترکیہ، پاکستان کے درمیان دفاعی معاہدہ ایران کیلئے خطرہ نہیں: اسماعیل بقائی

اداکاری کے آغاز کے وقت نادیہ خان کی عمر کتنی تھی؟