ججز کی تعیناتی کی سمری منظور نہ ہونے کیخلاف کیس، صدر و وزیرِ اعظم کو نوٹس جاری

—فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد اور دیگر ہائی کورٹس میں نئے ججز کی تعیناتی کی سمری منظور نہ کیے جانے کے خلاف کیس میں صدرِ مملتک اور وزیرِ اعظم کو ان کے سیکریٹریز کے ذریعے کل کے لیے نوٹس جاری کر دیے۔

عدالت نے وزارتِ قانون کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے کل تک جواب طلب کر لیا۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ سمری کس مرحلے پر رکی ہوئی ہے؟

جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ ایسا لگتا ہے وفاقی حکومت کو کوئی دلچسپی نہیں، آخر ہو کیا رہا ہے؟ ہم نے سوچا تھا کہ وفاقی حکومت اپنی ذمے داری پوری کرے گی، لیکن ایسا نہیں ہوا۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ سمری کس اسٹیج پر ہے، کیا آپ کو کچھ معلوم ہے؟ اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی تعیناتی کے ساتھ کیا ہو رہا ہے؟

عدالت نے کہا کہ سندھ اور پشاور ہائی کورٹس کے ججز کی کنفرمیشن بھی رک چکی ہے، حالانکہ جوڈیشل کمیشن اس کی منظوری دے چکا تھا۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ اس طرح سمری پر بیٹھا نہیں جا سکتا، پہلے تو 15 دن بھی نہیں ہوئے تھے، اب 18 دن گزر چکے ہیں۔

دورانِ سماعت وکیل زاہد آصف چوہدری نے مؤقف اختیار کیا کہ آئین اس حوالے سے بالکل واضح ہے، وقت گزر جائے تو اس کے قانونی نتائج مرتب ہوتے ہیں، صدرِ مملکت اس طرح سمری روک کر نہیں بیٹھ سکتے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ نے عدالت کو بتایا کہ صدر اب سمری مسترد بھی نہیں کر سکتے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت سے کل تک جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

Related posts

میر رضا کے پھیپھڑے تیزاب سے شدید متاثر، کسی اور کے پسینے کے نشان بھی ملنے کا انکشاف

چین میں سمندری طوفان ڈولفن کمزور، بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری

جولائی میں 3.6 ارب ڈالرز کی ترسیلاتِ زر موصول، وزیرِ اعظم شہباز شریف کا اظہارِ اطمینان