بھارتی سیاستدان کی بیٹی کے شوہر کی پہلے ہی 25 شادیاں، داماد پر دھوکا دہی کا الزام

بھارتی سیاستدان کی بیٹی کے شوہر کی پہلے ہی 25 شادیاں ہونے کا انکشاف سامنے آنے کے بعد سسر نے داماد پر دھوکا دہی کا الزام عائد کردیا۔

بھارتی ریاست اتر پردیش کے حلقہ سیوتا سے بی جے پی کے رکن اسمبلی گیان تیواری نے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں دھوکا دے کر اپنی بیٹی کی شادی ایک ایسے شخص سے کروائی گئی جس نے مبینہ طور پر جعلی شناختوں کا استعمال کرتے ہوئے مختلف خواتین سے تقریباً 25 شادیاں کیں اور متعدد خواتین کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔

پولیس کے مطابق رکن اسمبلی کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ معاملہ سامنے آنے پر انوج تریویدی اور ان کے بیٹے پرکھر تریویدی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

رکن اسمبلی کی جانب سے درج کروائی گئی شکایت کے مطابق ان کی بیٹی پراگیا کی شادی 2024 میں چندراول کے رہائشی انوج تریویدی کے بیٹے پرکھر تریویدی سے ہوئی تھی۔

گیان تیواری نے الزام عائد کیا کہ شادی کے وقت انوج تریویدی نے خود کو ممبئی میں مقیم ایک معروف رئیل اسٹیٹ کاروباری کے طور پر پیش کیا جبکہ اپنی مبینہ مجرمانہ تاریخ اور سابقہ مقدمات کو چھپایا۔

شکایت کے مطابق شادی کا رشتہ مقامی سطح پر تحقیقات اور علاقے کے بااثر سمجھے جانے والے افراد سے مثبت معلومات حاصل کرنے کے بعد طے کیا گیا تھا۔ تاہم شادی کے تقریباً ڈھائی سال بعد خاندان کو سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے پرکھر تریویدی کی مبینہ سرگرمیوں کے بارے میں معلومات ملیں۔

رکن اسمبلی نے الزام عائد کیا کہ پرکھر نے جعلی شناختوں کا استعمال کرتے ہوئے مختلف ریاستوں، بالخصوص مہاراشٹر، میں متعدد خواتین کو تعلقات میں پھنسایا اور ان سے کروڑوں روپے ہتھیا لیے۔

انہوں نے مزید الزام لگایا کہ پرکھر تریویدی نے مبینہ طور پر تقریباً 25 شادیاں کیں، گیان تیواری نے کہا کہ انہوں نے ملزم خاندان سے تمام سماجی اور ذاتی تعلقات ختم کردیے ہیں اور اپنی بیٹی کو واپس اپنے گھر لے آئے ہیں۔

ان کے مطابق اس واقعے نے ان کے خاندان کو شدید ذہنی صدمے سے دوچار کیا جبکہ عوامی نمائندے کی حیثیت سے ان کی سماجی ساکھ بھی متاثر ہوئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق رکن اسمبلی کی شکایت پر ریوسا پولیس اسٹیشن میں انوج تریویدی کے خلاف دھوکا دہی کا مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

Related posts

مکہ دفاعی معاہدے نے دشمن کی نیندیں اڑا دیں، احسن اقبال

ڈیمو کریٹک سینیٹر کرس مرفی

کچی رسیدوں کے اجراء پر پابندی عائد، خلاف ورزی پر لاکھوں روپے جرمانہ ہو گا