برطانوی انگلش چینل عبور کرنے کی کوشش میں کشتی میں سوار 170 سے زائد غیر ملکی تارکینِ وطن کو کشتی میں آگ لگنے کے بعد ایک مؤثر ریسکیو آپریشن کے ذریعے بچا لیا گیا۔
برطانوی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ افراد کشتی پر سوار ہو کر سمندری راستے سے انگلش چینل عبور کرنے کی کوشش میں تھے کہ اچانک کشتی کے انجن میں آگ بھڑک اٹھی۔
امدادی ٹیموں نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو آپریشن شروع کیا اور مجموعی طو رپر 173 افراد کو بچا لیا، 11 افراد کے معمولی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جنہیں فرانس کے بولون سر میر منتقل کر دیا گیا، جبکہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ ریسکیو کیے جانے والے تمام افراد کو واپس فرانس بھیجا جائے گا۔
فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ چند تارکینِ وطن کو امداد کی ضرروت تھی، دیگر نے ایمرجنسی سروس کی طرف سے پیش کردہ امداد لینے سے انکا ر کر دیا۔
فرانسیسی میری ٹائم پریفیکچر نے کہا ہے کہ آپریشن میں 40 فائر فائٹرز، 13 پولیس افسران، 7 ترجمان اور متعدد طبی عملہ شامل تھا۔
برطانوی شیڈو ہوم سیکریٹری کرس فلپ نے کہا ہے کہ فرانسیسی پولیس غیر قانونی تارکینِ وطن کی کشتیاں کو روکنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات کرنے سے قاصر ہے۔
ریفارم یو کے کے رہنما نائجل فراج نے کہا ہے کہ فوری طور پر سخت پابندیاں عائد کرنی چاہئیں اس سے انسانی جانوں کو بچانے میں مدد ملے گی۔