پہلی ملاقات میں جنید جمشید کے سوال پر مولانا طارق جمیل کا جواب جس نے انکی زندگی بدل دی

— فائل فوٹوز

پاکستان کے معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل نے مرحوم نعت خواں، میزبان جنید جمشید کی یادیں تازہ کرتے ہوئے ان کی شاندار مذہبی تبدیلی پر اظہارِ خیال کیا ہے۔

مولانا طارق جمیل بالخصوص اپنے بیانات کی وجہ سے جانے جاتے ہیں جن میں محبت، حسنِ سلوک، متوازن تعلقات اور اسلامی اقدار پر زور دیا جاتا ہے۔

وہ شوبز، ڈیجیٹل میڈیا، کاروبار اور سیاست سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی متاثر کرتے رہے ہیں۔

مولانا طارق جمیل اور جنید جمشید کے درمیان قریبی تعلق تھا اور مولانا نے جنید جمشید کی مذہبی تبدیلی کے سفر میں اہم کردار ادا کیا۔

حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران مولانا طارق جمیل نے جنید جمشید کی غیر معمولی مذہبی تبدیلی کے بارے میں تفصیل سے بات کی۔

مولانا طارق جمیل نے بتایا کہ 1997ء میں جنید جمشید ایک بہت بڑے اسٹار تھے، خوبصورت، قد آور، کامیاب اور اعلیٰ درجے کے گلوکار، پاکستان میں اس سے پہلے کوئی ان جیسا نہیں آیا تھا، میری ان سے ایک شخص کے ذریعے ملاقات ہوئی، ہماری 10 منٹ کی ملاقات کے دوران انہوں نے میری بات روک کر مجھ سے ایک سوال کیا۔

انہوں نے بتایا کہ جنید جمشید نے پوچھا تھا کہ میرے پاس وہ شہرت اور گلیمر ہے جس کا ہر پاکستانی خواب دیکھتا ہے، لیکن میرا دل خالی ہے، مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میں ایک ایسی کشتی ہوں جس کی کوئی منزل نہیں۔

مولانا طارق جمیل کے مطابق یہ الفاظ ایک ایسے شخص کے تھے جس نے دنیاوی کامیابی کی بلندیاں حاصل کر لی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے جنید جمشید کے لیے اسباب پیدا کیے اور وہ دین کی طرف راغب ہوئے، اللّٰہ نے انہیں شہادت دی، مال دیا اور بہت کچھ عطاء کیا، جنید جمشید کہا کرتے تھے کہ دین کی طرف آنے کے بعد اللّٰہ نے جو کچھ دیا، وہ مجھے گلوکاری کے دور میں کبھی محسوس نہیں ہوا تھا، دیکھیں! اللّٰہ نے انہیں شہادت کی نعمت سے نوازا۔

مولانا طارق جمیل نے یاد کرتے ہوئے کہا کہ میں نے انہیں بہت پہلے ایک مثال دی تھی کہ آپ زخم پر غلط دوا لگا رہے ہیں، آپ سکون کو گلیمر میں تلاش کر رہے ہیں، لیکن سکون اللّٰہ کے پاس ملے گا، اس کے بعد پہلی بار وہ 2002ء میں تبلیغ کے لیے گئے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جنید جمشید نے اپنے پہلے تبلیغی سفر کے دوران بے مثال سکون محسوس کیا، آج کی نسل نہیں جانتی کہ حقیقی سکون کیا ہوتا ہے۔

Related posts

کشور کمار کا تاریخی بنگلہ ’گوری کنج‘ ویرات کوہلی کو کیسے ملا؟

بغیر انشورنس گاڑیاں چلانے کے رجحان میں تشویشناک اضافہ

آج مکہ مکرمہ کی مقدس سرزمین سے دنیا کو پیغام ملا کہ مسلم دنیا متحد ہے، مریم نواز