یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کانفرنس، کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی

 امریکا کی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے کی ساتویں برسی، یومِ استحصالِ کشمیر، کے موقع پر ’’فرینڈز آف کشمیر‘‘ کے زیرِ اہتمام ایک کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور انسانی حقوق کے مسائل پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

کانفرنس کے مہمانِ خصوصی پاکستان کے قونصل جنرل آفتاب چوہدری تھے جبکہ تقریب کی صدارت فرینڈز آف کشمیر کی چیئرپرسن غزالہ حبیب نے کی۔ کانفرنس میں پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کے علاوہ سکھ فار جسٹس کے رہنماؤں اور مختلف سماجی و سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

اپنے خطاب میں آفتاب چوہدری نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد خطے کی صورتحال مزید پیچیدہ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا اور مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر اجاگر کرتا رہے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے غزالہ حبیب نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی برسوں سے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اور عالمی برادری کو ان کی آواز سننی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اور سکھ برادری کے دکھ مشترک ہیں، اسی لیے دونوں انصاف، انسانی حقوق اور امن کے لیے ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

کانفرنس سے ڈیلس پیس سینٹر کے صدر آفتاب صدیقی، سید فیاض حسن، غلام جہانگڑا، ڈاکٹر فریحہ قاضی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ خطے میں امن اور انصاف کے قیام کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔

اس موقع پر سکھ فار جسٹس کے رہنما گرویندر سنگھ نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی اور انصاف کی جدوجہد ہے، جس میں نئی نسل کو بھی شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ آنے والی نسلیں بھی انسانی حقوق اور انصاف کے لیے آواز بلند کر سکیں۔

کانفرنس کے اختتام پر ایک قرارداد منظور کی گئی، جس میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے پرامن اور دیرپا حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

Related posts

سعودیہ، پاکستان اور ترکیہ کا آج اہم سربراہ اجلاس

ایران جنگ کے دوران اسلحے کی قلت پر ٹرمپ نے پیٹ ہیگستھ سے وضاحت طلب کرلی، حکام کی تردید

جامعہ کراچی کی بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار لڑکی جاں بحق