ایرانی نظام اندرونی تقسیم کا شکار، ان سے معاملات طے کرنا مشکل ہے: جے ڈی وینس

— فائل فوٹو

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کا نظام اندرونی طور پر منقسم ہے، جہاں بعض حلقے جنگ کے خاتمے کے خواہاں ہیں، جبکہ دیگر عناصر تنازع جاری رکھنے کے حامی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تہران کے ساتھ مذاکرات مشکل ہوں گے اور اس میں وقت لگے گا۔

امریکی میڈیا کو گزشتہ روز دیے گئے انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکا کا ہدف ایران کے اندر موجود اختلافات کو مدنظر رکھتے ہوئے عسکری، اقتصادی اور سفارتی ذرائع استعمال کرنا ہے تاکہ امریکی عوام کے لیے بہترین ممکنہ نتیجہ حاصل کیا جا سکے۔

وینس نے کہا کہ ایرانیوں کے ساتھ معاملات طے کرنا غیر معمولی طور پر مشکل ہے اور دوسری بات یہ کہ ان کا نظام خود اندرونی تقسیم کا شکار ہے، بعض لوگ جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں، جبکہ کچھ انتہا پسند عناصر جنگ کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ذمے داری یہ ہے کہ ان حالات میں درست حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے امریکی عوام کے لیے بہترین نتیجہ حاصل کریں، مجھے معلوم ہے کہ بالآخر ہم کس مقام پر پہنچیں گے، تاہم وہاں تک کا سفر پیچیدہ ہوگا اور اس میں کچھ وقت لگے گا۔

Related posts

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب پہنچ گئے

ٹرمپ کا 7 ارب ڈالر کے 11 نئے برف شکن بحری جہاز خریدنے کا اعلان، ضرورت پر سوالات اُٹھ گئے

گلشن جمال میں آفس سے پھندا لگی لاش برآمد