ثمینہ احمد غیر معمولی اور قابلِ تعریف خاتون ہیں: ثانیہ سعید

 پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ ثانیہ سعید نے سینئر اداکارہ ثمینہ احمد کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ان کی شخصیت، محبت اور حوصلے کی بھرپور تعریف کی ہے۔

ثانیہ سعید کو پاکستان کی باصلاحیت ترین اداکاراؤں میں شمار کیا جاتا ہے، انہوں نے متعدد یادگار ڈراموں میں اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے، وہ اداکاری کے ساتھ ساتھ فلاحی اور سماجی سرگرمیوں میں بھی سرگرم رہتی ہیں۔ 

حال ہی میں ثانیہ سعید نے ایک شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے سینئر اداکارہ ثمینہ احمد کے ساتھ اپنے تعلق اور ڈرامے میں ان کے ساتھ کام کرنے کے تجربات شیئر کیے۔

ثمینہ احمد کا ذکر کرتے ہوئے ثانیہ سعید نے بتایا کہ تھیٹر فیسٹیولز میں شرکت کے لیے میں اکثر ٹرین کے ذریعے لاہور جایا کرتی تھی، لیکن نہ میرے پاس رہنے کی جگہ ہوتی تھی اور نہ ہی مالی وسائل۔

انہوں نے بتایا کہ میرے والد نے کہا کہ کوئی مسئلہ نہیں، ثمینہ موجود ہیں، میں نے کہا آپ نے یہ کیسے فرض کر لیا کہ میں ان کے گھر رہ سکتی ہوں، آپ نے ان سے پوچھا بھی نہیں، اس پر ابو نے کہا کہ میں ان سے بات کر لوں گا۔

ثانیہ سعید نے کہا کہ میں فیسٹیول کے دوران ثمینہ احمد کے گھر رہتی اور وہاں مجھے بے حد محبت، شفقت اور تحفظ کا احساس ملا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے سینئرز سے بہت محبت اور حوصلہ افزائی ملی، اب میری خواہش ہے کہ یہی محبت اور تعاون میں نئی نسل کے فنکاروں تک منتقل کروں، ہمارے لیے یہ لوگ ہمارے استاد اور ہمارے ادارے تھے۔

ثمینہ احمد کی شخصیت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ثانیہ سعید نے کہا کہ وہ ایک نہایت بہادر خاتون ہیں، انہوں نے ایک دن فیصلہ کیا کہ میں نے اپنے بچوں کی پرورش اکیلے کی، انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کیا، اب وہ اپنی زندگی خود سنبھال سکتے ہیں، مجھے ایک اچھا انسان ملا ہے، میں شادی کر رہی ہوں اور اپنی زندگی آگے بڑھا رہی ہوں، وہ واقعی غیر معمولی اور قابلِ تعریف خاتون ہیں، میں ان سے بے حد محبت کرتی ہوں۔

ثانیہ سعید نے مزید بتایا کہ میرے کیریئر کا آغاز ثمینہ احمد کے ساتھ ڈرامہ آہٹ سے ہوا، تاہم میں انہیں اس سے پہلے تھیٹر کے ذریعے جانتی تھی، کیونکہ ثمینہ احمد رفی پیر تھیٹر میں آرٹ ڈائریکٹر تھیں۔

Related posts

وزیرِ اعظم شہباز شریف دورۂ سعودی عرب کیلئے روانہ

انسٹاگرام پر دوستی کے بعد بارہویں جماعت کی طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنانے والا بی بی اے کا طالب علم گرفتار

پاکستانی کرکٹر حمزہ نذر پر 2 سال کی پابندی اور 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد