ن لیگ آزاد جموں و کشمیر میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آچکی، شاہ غلام قادر

فائل فوٹو

پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر اور نو منتخب رکن قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ ن لیگ حکومت بنانے کی پوزیشن میں آچکی ہے اور اسمبلی میں واضح اکثریت حاصل کر رہی ہے۔

جنگ اور جیو لندن کے نمائندے اورنگزیب چوہدری سے ٹیلی فون پر خصوصی گفتگو میں انہوں نے آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات، حکومت سازی، آئندہ سیاسی حکمت عملی، ایکشن کمیٹی کے معاملات، اوورسیز کشمیریوں اور عوامی مسائل پر تفصیل سے اظہارِ خیال کیا۔

شاہ غلام قادر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے باشعور عوام نے مسلم لیگ (ن) پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور اب تک ہونے والے انتخابات میں ہماری جماعت کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنایا۔ یہ کامیابی عوام کے اعتماد، کارکنوں کی محنت اور جماعت کی بہترین سیاسی حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں شاہ غلام قادر نے کہا کہ وزیراعظم کے انتخاب کا فیصلہ آئینی اور جماعتی مشاورت کے مطابق تمام انتخابی مراحل مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ ہمیشہ اچھے کی امید رکھنی چاہیے، ہر سیاست دان کو آگے بڑھنے کی امید اور خواہش رکھنی چاہیے۔ مجھے بھی وزیراعظم کے منصب کے لیے اچھی امید ہے، تاہم حتمی فیصلہ مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی اور قیادت کرے گی۔

کالعدم ایکشن کمیٹی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایکشن کمیٹی کے ساتھ معاملات کو بہتر انداز میں حل کرنا اس وقت کی حکومت، بالخصوص پاکستان پیپلز پارٹی کی ذمہ داری تھی، لیکن وہ اس ذمہ داری کو مؤثر انداز میں ادا کرنے میں ناکام رہی۔ 

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی توقعات پر پورا نہیں اتر سکی اور نہ ہی مثبت حکومتی کردار ادا کر سکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی رائے میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے انتخابات میں تاخیر چاہتی تھی، تاہم وہ اپنے اس مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکی اور انتخابات آئینی تقاضوں کے مطابق منعقد ہوئے، جس میں عوام نے اپنا فیصلہ مسلم لیگ (ن) کے حق میں دے دیا۔

شاہ غلام قادر نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہونے کے بعد عوام کو درپیش تمام اہم مسائل، آئینی معاملات اور دیگر حساس ایشوز کو مکمل طور پر آئین، قانون اور جمہوری روایات کے مطابق حل کیا جائے گا۔ 

اوورسیز کشمیریوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ غلام قادر نے کہا کہ بیرون ملک مقیم کشمیری آزاد کشمیر کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ اوورسیز کشمیری ہمارے جسم کا حصہ ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ آزاد کشمیر کی معیشت، تعمیر و ترقی اور قومی معاملات میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ 

انہوں نے آزاد کشمیر کے عوام اور بیرون ملک مقیم کشمیریوں کو یقین دلایا کہ مسلم لیگ (ن) کسی صورت انہیں مایوس نہیں کرے گی اور عوامی اعتماد پر پورا اترنے کے لیے بھرپور محنت کرے گی۔ 

Related posts

تحریک کشمیر برطانیہ کی جانب سے بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

سندھ میں محنت کشوں کی کم از کم ماہانہ اجرت 43 ہزار روپے کر دی گئی

آگرہ میں ہندوتوا گروپ کی تاج محل میں زبردستی داخل ہو کر پوجا کرنے کی کوشش