پاکستانی اداکارہ صبور علی نے کراچی کی نوجوان کاروباری شخصیت میر رضا علی کے قتل کے تاحال حل نہ ہونے والے کیس پر آواز اٹھاتے ہوئے پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے۔
صبور علی نے سوشل میڈیا پر ایک ریل دوبارہ شیئر کی ہے، جس میں سابق پاکستانی کرکٹر وسیم اکرم کے لاپتہ ہوئے پالتو کتے کی فوری بازیابی اور رضا علی کے اغواء اور موت کے کیس میں ملزمان کی عدم گرفتاری کا موازنہ کیا گیا ہے۔
دونوں واقعات تقریباً ایک ہی وقت میں خبروں کی زینت بنے تھے، وسیم اکرم کا پالتو کتا ڈیوک کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 8 سے لاپتہ ہو گیا تھا، جس کی تلاش میں اہل خانہ نے مدد کرنے والے شخص کے لیے ڈھائی لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا تھا، کتا ایک روز کے اندر باحفاظت مل گیا۔
دوسری جانب 25 سالہ رضا علی کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں واقع اپنے گھر سے صبح سویرے نکلنے کے بعد لاپتہ ہو گئے تھے، بعد ازاں ان کی لاش گلستانِ جوہر کے قریب سے ملی، واقعے کا مقدمہ اغواء اور قتل کے شبے میں درج کیا گیا تھا، تاہم کیس تاحال حل نہیں ہو سکا۔
صبور علی کی جانب سے شیئر کی گئی ریل پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے ردِعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔
ادھر کیس کی تازہ تحقیقات کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں رضا علی کے کاروبار میں مالی مشکلات کے شواہد ملے ہیں۔
تفتیش کاروں کے مطابق کیس کو جلد حل کرنے کی امید ہے، تاہم مقتول کے پستول کی گمشدگی اور زندگی کے آخری لمحات میں پیش آنے والے واقعات سمیت کئی اہم سوالات تاحال جواب طلب ہیں۔