پاکستانی شوبز کے سینئر اداکار اکبر اسلام نے اداکارہ ثناء جاوید کے ساتھ کام کرنے کی حقیقت بتا دی۔
معروف اداکارہ ثناء جاوید ایک دہائی سے زائد عرصے سے ڈرامہ انڈسٹری کا حصہ ہیں، چند برس قبل اداکارہ کو اس وقت تنازعات کا سامنا کرنا پڑا تھا جب شوبز سے وابستہ بعض افراد نے ان کے رویے اور سیٹ پر ساتھی فنکاروں کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کے حوالے سے بات کی تھی۔
اس صورتِ حال کے باعث انہیں مداحوں کی جانب سے بھی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، شادی کے بعد ثناء جاوید نے ایک مرتبہ پھر اداکاری کا سلسلہ شروع کیا اور ڈرامے کے ذریعے ٹیلی ویژن اسکرین پر واپسی آئیں، ڈرامے میں ان کے ہمراہ مختلف اداکار کام کر رہے ہیں، جن میں اکبر اسلام بھی شامل ہیں، جو ان کے ہمسائے انکل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
حال ہی میں اکبر اسلام نے ثناء جاوید کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کے مبینہ طور پر بدتمیز یا مشکل اداکارہ ہونے کے تاثر پر وضاحت کی۔
اکبر اسلام کا کہنا ہے کہ معاملہ صرف اداکاروں کے بدتمیز ہونے کا نہیں ہوتا بلکہ ایک فنکار کے لیے سیٹ پر اپنی ایک خاص شخصیت اور اورا برقرار رکھنا بھی ضروری ہوتا ہے، ممکنہ طور پر ثناء جاوید اور فرحان سعید کے معاملے میں بھی یہی چیز نظر آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ثناء جاوید اور فرحان سعید کے ساتھ کام کرنے کا میرا تجربہ بہت اچھا رہا ہے، ہر سیٹ کا ماحول مختلف ہوتا ہے اور حالات بھی ایک ڈرامے سے دوسرے ڈرامے میں بدل سکتے ہیں۔