قائم مقام صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کو دو خطوط ارسال کردیے، انہوں نے پولنگ کے دوران سیکیورٹی ناکامی اور مبینہ بےضابطگیوں پر کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
چوہدری لطیف اکبر کا کہنا تھا کہ پولنگ اسٹیشنز پر مؤثر سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی۔ کئی مقامات پر پولنگ ایجنٹس کو اندر نہیں جانے دیا گیا۔
انہوں نے تحریر کیا کہ فائرنگ، پولنگ میں مبینہ مداخلت اور ووٹرز کو حق رائے دہی سے محروم کیے جانے کی تحقیقات کی جائے۔
قائم مقام صدر نے لکھا کہ کومی کوٹ اور جھنڈگراں میں پولنگ تاخیر سے شروع ہوئی، متاثرہ علاقوں میں پولنگ کے وقت میں توسیع کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ممتاز حسین نقوی پر مسلح حملہ ہوا، واقعے کی فوری تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
الیکشن کمیشن کو لکھے گئے اپنے خط میں چوہدری لطیف اکبر کا کہنا تھا کہ تمام واقعات کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آزادانہ و منصفانہ انتخابی عمل یقینی بنایا جائے۔