ایران کی اعلیٰ مشترکہ عسکری کمان خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہٰی نے علاقائی ممالک کو امریکا کی حمایت سے گریز کی وارننگ دے دی۔
انہوں نے خبردار کیا ہے کہ جو ممالک امریکی افواج کے لیے دفاعی ڈھال بنیں گے، وہ بالآخر جنگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آ جائیں گے۔
ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق میجر جنرل علی عبداللہٰی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مسلم ممالک کو دور اندیشی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، امریکا کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھنی چاہیے اور امریکا کے ساتھ اپنے تعاون اور صف بندی پر دوبارہ غور کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک کو یہ حقیقت سمجھنی چاہیے کہ امریکا اپنی کمزور ہوتی عسکری صلاحیتوں کے باعث ان کی دولت، بنیادی ڈھانچے اور وسائل کو اپنے دفاعی حصار کے طور پر اور اسرائیل کی حمایت کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے۔
میجر جنرل علی عبداللہٰی نے دعویٰ کیا کہ امریکا تیزی کے ساتھ خطے کو ایک وسیع تر جنگ کی جانب دھکیل رہا ہے۔
انہوں نے خطے کے ممالک پر زور دیا کہ وہ امریکا کے ساتھ اپنی تعاون اور ہم آہنگی کی پالیسی پر ازسرِنو غور کریں۔