طلبہ احتجاج پر متنازع بیانات، کنگنا رناوت اور سورَو داس میں تنازع شدت اختیار کر گیا

—فائل فوٹو 

بھارتی سیاست دان و اداکارہ کنگنا رناوت اور کاکروچ جنتا پارٹی کے ترجمان سورَو داس کے درمیان طلبہ احتجاج کے معاملے پر لفظی جنگ شدت اختیار کر گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رکنِ پارلیمان کنگنا رناوت نے سورَو داس کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ میں گزشتہ 20 سال سے عوامی زندگی کا حصہ ہوں جبکہ صرف 2 سال قبل ہی سیاست میں قدم رکھا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ 28 سال کی عمر میں مجھے 2 قومی اعزازات مل چکے تھے اور میں فلم ساز، اداکارہ، پروڈیوسر، مصنفہ اور کاروباری شخصیت کے طور پر مختلف شعبوں میں کام کر چکی ہوں۔

کنگنا رناوت نے سورَو داس کو ’بے کار‘ قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ پہلے کوئی ہنر سیکھیں، کوئی بڑا کام کر کے دکھائیں کیونکہ آپ کبھی یہ نہیں سمجھ سکتے کہ اچانک مشہور ہو جانے، عوامی توجہ کا مرکز بن جانے اور ہر وقت مصروف رہنے کے بعد حقیقی زندگی کے ساتھ کیا ہوتا ہے۔

اس سے قبل سورَو داس نے کنگنا رناوت کے طلبہ مظاہرین سے متعلق بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ اداکارہ کی اپنی جماعت بھی انہیں زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیتی۔ 

سورَو داس کا کہنا ہے کہ نئی نسل کنگنا کی باتوں کو اہمیت نہیں دیتی اور نہ ان کی بات سننا پسند کرتی ہے۔

واضح رہے کہ یہ تنازع اس وقت شروع ہوا تھا جب کنگنا رناوت نے نیٹ امتحان میں بے ضابطگیوں کے خلاف ہونے والے کے طلبہ احتجاج پر تنقید کرتے ہوئے مظاہرین کی زبان اور ذاتی حملوں کو ناقابلِ قبول قرار دیا تھا۔ 

انہوں نے احتجاج کی ویڈیوز کو بھی سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے جین زی (نوجوانوں) کو ’گٹر‘ کہہ کر مخاطب کیا تھا۔

یاد رہے کہ کاکروچ جنتا پارٹی کی قیادت میں ہونے والے مظاہروں میں نیٹ پرچہ لیک ہونے کے معاملے پر وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا، دھرمیندر پردھان کے استعفے کے بعد اب احتجاج ختم کر دیا گیا ہے۔

Related posts

ملک میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی

پہلے ٹیسٹ کا تیسرا دن، پاکستان پہلی اننگز میں 282 پر آل آؤٹ، ویسٹ انڈیز کو 29 رنز کی برتری

حمزہ سہیل کے نئے انداز نے سلمان خان کے دبنگ کردار کی یاد تازہ کر دی