ابتدائی عمر میں چینی کا زیادہ استعمال بڑھاپے میں ڈیمینشیا کا خطرہ بڑھا سکتا ہے، نئی تحقیق

ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جو بچے چھوٹی عمر میں چینی کا زیادہ استعمال کرتے ہیں، ان میں بڑھاپے میں ڈیمینشیا (یادداشت میں کمی) کا خطرہ زیادہ ہو سکتا ہے۔

حاملہ خواتین اگر مٹھائیوں، چاکلیٹ اور دیگر شکر والی غذاؤں سے پرہیز کریں تو وہ اپنے بچے میں اس بیماری کے خطرے کو 20 فیصد تک کم کرنے میں مدد کر سکتی ہیں۔

نیورولوجی نامی طبی جریدے میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں یہ بھی پایا گیا کہ ابتدائی زندگی میں چینی کی بہت کم مقدار استعمال کرنا اس بیماری کے خلاف تحفظ فراہم کر سکتا ہے۔

اس تحقیق کے مرکزی مصنف پروفیسر جیاژین ژینگ نے کہا کہ نتائج بتاتے ہیں کہ زندگی کے ابتدائی مراحل کے دوران چینی کو محدود کرنے کے دماغی صحت پر دیرپا فوائد ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ نتائج دہائیوں بعد ڈیمینشیا کے خطرے کو کم کرنے میں ابتدائی زندگی کی غذائیت کی ممکنہ اہمیت پر روشنی ڈالتے ہیں۔

ہانگ کانگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے محققین نے برطانیہ میں دوسری جنگِ عظیم کے دوران چینی کی راشن بندی (محدود دستیابی) سے پہلے اور بعد میں پیدا ہونے والے 64,737 افراد کی صحت کا موازنہ کیا۔

تحقیق میں شامل افراد کو اس بنیاد پر گروپس میں تقسیم کیا گیا کہ چینی کی راشن بندی کب ہوئی تھی، پیدائش سے پہلے اور پہلے سال کے دوران، پیدائش سے پہلے اور دو سال کی عمر تک، یا پھر چینی کی کوئی راشن بندی نہیں۔

جب شرکاء اوسطاً 55 سال کی عمر کو پہنچے، تو تحقیقی ٹیم نے ان کے طبی ریکارڈز کا تجزیہ کرنا شروع کیا تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ اگلے 15 سالوں میں کن افراد میں ڈیمینشیا کی تشخیص ہوئی۔

ان 15,256 افراد میں سے جنہیں پیدائش سے پہلے اور زندگی کے پہلے دو سالوں میں چینی تک رسائی حاصل نہیں تھی، صرف 2 فیصد افراد میں آگے چل کر ڈیمینشیا کی تشخیص ہوئی۔

اگرچہ محققین کا کہنا ہے کہ یہ نتائج حتمی طور پر ثابت نہیں کرتے کہ کم چینی کھانے سے براہ راست ڈیمینشیا کا بچاؤ ہوتا ہے، لیکن ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ بات ان بڑھتے ہوئے شواہد سے مطابقت رکھتی ہے کہ چینی دماغی افعال کو متاثر کرتی ہے۔

ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ دماغ خون میں شوگر کی سطح کے اتار چڑھاؤ کے معاملے میں انتہائی حساس ہوتا ہے۔ دیگر تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ خون میں شوگر کی بلند سطح والے افراد میں الزائمر کا خطرہ 69 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

Related posts

ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 90 رنز سے ہرادیا

معروف اداکار اور موسیقار خالد نظامی کا کراچی میں انتقال، تدفین کل ہوگی

ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی کا ایک اور کیس رپورٹ، 18 ماہ کے بچے میں بیماری کی تصدیق