’دی ٹریٹرز‘ کا سیزن 2 شروع ہونے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے، 30 جولائی کو ایک تقریب کے دوران اس سیزن کے تمام شرکاء کا تعارف کروایا گیا۔
کرکٹ شائقین کے لیے ایک جانا پہچانا نام اور اکثر اپنے بھائی شبھمن گل کی حوصلہ افزائی کرتی نظر آنے والی شہنیل گل بھی ’دی ٹریٹرز سیزن 2‘ میں اپنی ایک الگ شناخت بنانے کے لیے تیار ہیں۔
رواں سال یہ دوسرا موقع ہے جب کسی کرکٹر کے خاندان کا کوئی فرد ریئلٹی شو میں شامل ہوا ہے۔ چند ماہ قبل، شریاس ایئر کی بہن، شریستا ایئر نے نیٹ فلیکس کے شو لاک اپ کے سیزن 2 میں شرکت کی تھی۔
گذشتہ روز دی ٹریٹرز 2 کی لانچنگ ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں شہنیل کا بولڈ تعارف شامل تھا: ’’میرا نام گل ہے اور مجھے معلوم ہے کس طرح مارنا ہے۔” اس جملے نے فوری طور پر ناظرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی اور کئی کرکٹ شائقین شبھمن گل کی بہن کا یہ نیا روپ دیکھ کر کافی خوش ہوئے۔
اپنے بھائی کے میچوں میں اس کی حمایت کرنے کے علاوہ، زیادہ تر منظر عام سے دور رہنے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ وہ اتنے بڑے پلیٹ فارم پر نظر آ رہی ہیں۔
شہنیل اس شو میں کئی نامور شخصیات کے ساتھ وقت گزاریں گی، جن میں ملیکا شیراوت، منور فاروقی، ریا چکرورتی، کرسٹل ڈی سوزا، پارول گلاٹی، مشہور شیف رنویر برار، سینئر اداکار دلیپ تاہل، ہرمن سنگھا اور تانیا پوری شامل ہیں۔