اداکارہ زینب راجہ نے اداکار فہد شیخ کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ مذاق کے نام پر اکثر ساتھی فنکاروں کو غیر آرام دہ صورتِ حال میں مبتلا کرتے تھے۔
زینب راجہ کا ایک تبصرہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں انہوں نے ایک ڈرامے میں فہد شیخ کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بیان کیا۔
انہوں نے لکھا کہ میں نے ان کے ساتھ کام کیا ہے، وہ مذاق کے نام پر لوگوں کو غیر آرام دہ محسوس کرواتے تھے۔
زینب راجہ نے سینئر اداکار اور مصنف سید محمد احمد سے متعلق حالیہ تنازع پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ محمد احمد صاحب کے ساتھ جو کیا گیا وہ دل توڑ دینے والا اور شرمناک ہے، میں سوچ بھی نہیں سکتی کہ کوئی ہمارے والدین کے ساتھ ایسا کرے، اتنے پیارے انسان کے ساتھ کوئی ایسا کیسے کر سکتا ہے؟
واضح رہے کہ سید محمد احمد نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں انکشاف کیا کہ ایک کم عمر مرکزی اداکار نے شوٹنگ کے دوران مبینہ طور پر میری شکل، گنج پن اور اداکاری کا مذاق اڑایا، اگرچہ انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا، تاہم مبینہ ایک ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔
اس کے بعد سید جبران، فیصل قریشی، شمون عباسی، عمیر رانا سمیت شوبز انڈسٹری کی متعدد شخصیات نے سید محمد احمد سے اظہارِ یکجہتی کیا اور مبینہ طور پر ملوث جونیئر اداکار سے عوامی معافی کا مطالبہ کیا۔
بعد ازاں سید محمد احمد نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام میں ساتھی فنکاروں کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس ردِعمل نے مجھے احساس دلایا ہے کہ یہ صرف ایک برادری نہیں بلکہ ایک خاندان ہے۔