محمد احمد کا حالیہ تنازع پر نیا بیان سامنے آ گیا

سید محمد احمد—فائل فوٹو

پاکستان کے سینئر اداکار سید محمد احمد نے حالیہ تنازع پر نیا بیان جاری کرتے ہوئے مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے ملنے والی حمایت پر اظہارِ تشکر کیا ہے، جبکہ ساتھی فنکاروں پر ہونے والی تنقید بند کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔

چند روز قبل سید محمد احمد نے ایک پوڈکاسٹ میں انکشاف کیا تھا کہ ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ایک مرکزی اداکار نے ان کے ساتھ غیر مناسب رویہ اختیار کیا، اگرچہ انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا تھا، تاہم بعد ازاں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد اس واقعے میں اداکار فہد شیخ کا نام سامنے آیا۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں مبینہ طور پر فہد شیخ کے ساتھ اداکار فیضان شیخ اور جیناں حسین بھی موجود تھی، جس کے بعد تینوں کو شدید عوامی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

اس معاملے پر ردِعمل دیتے ہوئے سید محمد احمد نے کہا ہے کہ میں عوام اور شوبز انڈسٹری کی جانب سے ملنے والی محبت اور حمایت پر شکر گزار ہوں۔

انہوں نے اپنے بیان میں جیناں حسین اور فیضان شیخ کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ان دونوں پر تنقید نہ کی جائے، کیونکہ ان کا رویہ ہمیشہ میرے ساتھ احترام پر مبنی رہا ہے اور میں نہیں چاہتا کہ انہیں اس معاملے میں عوامی ردِعمل کا سامنا کرنا پڑے۔

فیصل قریشی کا اپنے بیان سے یوٹرن

دوسری جانب اداکار فیصل قریشی نے اس معاملے میں اپنے بیان سے یوٹرن لے لیا۔

ابتداً اداکار فیصل قریشی نے اس تنازع پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ نام بتائیں محمد احمد صاحب! میں جانوں اور پھر وہ، تاہم اس تنازع کی ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد فیصل قریشی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک نیا بیان جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ جن افراد نے عوامی طور پر معذرت کر لی ہے، انہوں نے بڑا پن دکھایا ہے، لہٰذا اب اس معاملے کو مزید طول دینے کے بجائے اسے ختم کر دینا چاہیے۔

واضح رہے کہ اس تنازع کی ویڈیو سامنے آنے سے قبل فہد شیخ محمد احمد سے ذاتی معذرت کرچکے تھے جبکہ ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد انہوں نے سینئر اداکار سے عوامی سطح پر بھی معذرت کی اور کہا کہ میں اپنے سینئر فنکار کی بے عزتی کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔

Related posts

فرانزک شواہد کی بنیاد پر ثاقب خان قصور وار ثابت ہو چکے: مومنہ اقبال

شام کی چائے کیساتھ بسکٹ لینے کے عادی افراد کو ماہرین نے خبردار کر دیا

سال 2025ء میں مصنوعی ذہانت کی کارکردگی