مودی حکومت کے فیصلے پر پاکستانی فنکاروں کا ردِ عمل سامنے آ گیا

پاکستانی ڈراموں اور فن و ثقافت پر پابندی کے بھارتی مطالبات، فیصلے اور سرحدوں کے آر پار فن و فنکاروں کی آواز دبانے کی کوششوں پر پاکستانی فنکاروں کا رد عمل سامنے آ گیا۔

ممتاز اداکارہ ریما خان، فیصل قریشی اور ساجد حسن نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ انہیں اس فیصلے پر حیرانی نہیں بلکہ یہ مضحکہ خیز ہے۔

فنکاروں کا کہنا تھا کہ بھارت کے تمام لوگ ایک جیسے نہیں، فن، کھیل اور ثقافت کو سیاسی تعصب اور دشمنی کی بھینٹ چڑھانا تنگ نظری اور غیر منصفانہ رویہ ہے۔

خیال رہے کہ مئی 2025 کے معرکہ حق میں پاکستان سے عبرت ناک شکست مودی سرکار کو ہضم نہیں ہورہی، بھارت سرکار اب ثقافتی منظر نامے پر نفرت اور تعصب پھیلانے پر اتر آئی ہے۔

ایک سال بعد بھی مودی سرکار کے اوچھے ہتھکنڈے ختم نہ ہوئے، ایک پاکستانی ڈرامے نے مقبولیت کے ریکارڈ بنائے تو دارالحکومت نئی دلی میں پولیس گردی سے اسکریننگ تک رکوا دی۔

اب اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلیکس کو بھارت سرکار کے تنگ نظری اور انتہا پسندی کے پنجوں نے جکڑ لیا، پاکستانی سیریز روکنے کے احکامات جاری کردیے۔