پاکستانی مواد کیخلاف پروپیگنڈا، احسن اقبال نے بھارت کو آڑے ہاتھوں لے لیا

وفاقی وزیر  احسن اقبال—فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پاکستانی مواد کے خلاف پروپیگنڈے پر بھارتی حکومت و میڈیا کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں آل انڈیا سینی ورکرز ایسوسی ایشن (اے آئی سی ڈبلیو اے) کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے جس نے بھارتی حکومت سے پاکستانی مواد پر مستقل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ بھارت نے کھیل اور پانی کے بعد اب فن اور ثقافت کو بھی سیاسی کشیدگی کی بھینٹ چڑھانا شروع کر دیا ہے۔

احسن اقبال نے لکھا ہے کہ پہلے کھیلوں کو سیاسی ہتھیار بنایا، پھر پانی کو اور اب فن و ثقافت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، آل انڈیا سینی ورکرز ایسوسی ایشن نئی دہلی پر زور دے رہی ہے کہ پاکستانی مواد پر مستقل پابندی عائد کی جائے۔

ایسی پابندیوں کی منطق پر سوال اٹھاتے ہوئے احسن اقبال نے لکھا ہے کہ آپ خود کو کتنا غیر محفوظ سمجھتے ہیں کہ کرکٹ میچ آپ کو سیاسی خطرہ اور ٹی وی ڈرامے قومی سلامتی کا مسئلہ لگتے ہیں؟

احسن اقبال نے بھارت کو پیغام دیتے ہوئے لکھا ہے کہ اب تو بالغ نظری کا مظاہرہ کرو، کھلاڑیوں کو کھیلنے دو، پانی کو بہنے دو، فنکاروں کو تخلیق کرنے دو اور ناظرین کو فیصلہ کرنے دو کہ وہ کیا دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے اپنی پوسٹ کے اختتام میں #GrowupIndia کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا ہے۔

خیال رہے کہ بھارتی حکومت نے بین الاقوامی آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم پر پاکستانی مواد کے خلاف دباؤ بڑھتے ہوئے نشریات روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت نے نیٹ فلکس کو 8 مئی 2025ء کو جاری کردہ اپنی ہدایت یاد دلائی ہے، اس کے علاوہ اس یقین دہانی کا بھی حوالہ دیا گیا ہے جو اسٹریمنگ پلیٹ فارم نے گزشتہ سال جون میں کرائی تھی کہ پاکستانی فلمیں اور ڈرامے بھارتی صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

یہ تازہ پیش رفت بھارتی فلمی صنعت کی 2 تنظیموں کی جانب سے بھارتی حکومت سے پاکستانی تخلیقی مواد کی بھارت میں نمائش روکنے کی اپیل کے بعد سامنے آئی ہے۔

آل انڈیا سینی ورکرز ایسوسی ایشن (اے آئی سی ڈبلیو اے) اور فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سینی ایمپلائیز (ایف ڈبلیو آئی سی ای) نے بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر پاکستانی مواد پر پابندی کا مطالبہ کر رکھا ہے۔