وویک مشرو کے بھارتی شو ’سی آئی ڈی‘ کو خیرباد کہنے کی وجہ سامنے آ گئی

بھارتی اداکار وویک مشرو—فائل فوٹو

معروف بھارتی ٹی وی شو ’سی آئی ڈی‘ میں انسپکٹر وویک کا مشہور کردار ادا کرنے والے اداکار وویک مشرو نے تقریباً 6 سال بعد شو چھوڑ دیا تھا اور ایک بالکل مختلف شعبے میں اپنا کیریئر بنا لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وویک مشرو کو ملک گیر آڈیشن مہم کے ذریعے سی آئی ڈی شو میں شامل کیا گیا تھا، ابتداء میں انہیں صرف 3 ماہ کا معاہدہ ملا تھا لیکن وہ تقریباً 500 اقساط میں نظر آئے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ شو کی مصروف شوٹنگ کے دوران بعض اوقات وویک کو روزانہ 16 سے 18 گھنٹے کام کرنا پڑتا تھا۔

جون 2012ء میں 29 سال کی عمر میں اداکاری چھوڑنے کے بعد وویک مشرو نے بھارتی ہمالیہ کے پہاڑی علاقوں میں تنہا سفر کیا، مہاراشٹر اور گجرات کی سیاحت کی اور سنگاپور سے بین الاقوامی کاروبار میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی، ڈیٹا سائنس اور کاروباری تجزیات کی تعلیم حاصل کی اور بنگلورو کی سی ایم آر یونیورسٹی میں شعبہ جاتی سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔

فروری 2024ء میں وہ کاروباری حکمتِ عملی اور ترقی کے شعبے سے وابستہ ہو گئے، مئی 2026ء تک ایک ادارے میں صدر برائے حکمتِ عملی و ترقی کے عہدے پر کام کرنے کے بعد اب مشیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔

جون 2023ء میں وویک مشرو کی سی آئی ڈی کے دور کی ایک پرانی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو مداح انہیں دوبارہ پہچان کر حیران رہ گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وویک مشرو کا کہنا ہے کہ مجھے اداکاری کی نئی آفرز بھی ہوئیں مگر فی الحال میرا ٹی وی پر واپسی کا کوئی ارادہ نہیں۔