بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی قانونی ٹیم نے انفلوئنسر سویگیا شرما کو ہتکِ عزت کا قانونی نوٹس بھیجنے سے متعلق خبروں کی تردید کر دی۔
61 سالہ اداکار حال ہی میں ممبئی میں منعقدہ گلوبل پیس آنرز کی تقریب میں شرکت کے باعث خبروں میں رہے تھے، جہاں اننت امبانی کے ساتھ ان کی گفتگو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
شاہ رخ خان کی قانونی نمائندہ فرم ہیرانی اینڈ ایسوسی ایٹس نے ایک باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دعوے کے مطابق 23 نومبر 2026ء کو شاہ رخ خان کی جانب سے جاری کیا جانے والا قانونی نوٹس جعلی ہے۔
قانونی ٹیم کے مطابق یہ نوٹس نہ تو شاہ رخ خان نے جاری کیا اور نہ ہی انہوں نے کسی وکیل یا قانونی فرم کو ایسا نوٹس بھیجنے کی ہدایت دی تھی۔
بیان میں میڈیا اداروں سے بھی درخواست کی گئی کہ وہ اس حوالے سے غیر مصدقہ اور غلط خبریں شائع کرنے سے گریز کریں۔
واضح رہے کہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب انفلوئنسر سویگیا شرما نے گلوبل پیس آنرز 2026ء کی ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں اننت امبانی کو شاہ رخ خان سے گفتگو کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
انفلوئنسر نے اس گفتگو کی تشریح کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اننت امبانی نے شاہ رخ خان کو خاموش رہنے کا کہا تھا، بعد ازاں سویگیا شرما نے دعویٰ کیا کہ شاہ رخ خان نے انہیں ہتکِ عزت کا قانونی نوٹس بھجوایا ہے۔
دوسری جانب شاہ رخ خان ان دنوں اپنی آنے والی فلم کنگ کی ریلیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جو 24 دسمبر کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔